امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر پیسوں کے عوض جنسی تعلقات استوار کرنے اور پھر اسی معاملے پر خاموش رہنے کے لیے پیسے دینے کے الزامات لگانے والی سابق فحش اداکارہ 41 سالہ اسٹارمے ڈینیئلز جلد ہی کامک کتاب میں ایک سحر انگیز ہیرو کے طور پر دکھائی دیں گی۔
اسٹارمے ڈینیئلز کا اصل نام اسٹیفنی کلیفورڈ ہے اور انہوں نے ابتدائی طور پر 2016 میں صدارتی انتخابات سے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ سے جنسی تعلقات ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
تاہم اس وقت امریکی میڈیا نے سابق پورن اسٹار کے دعوے کو ترجیح نہیں دی تھی اور پھر مارچ 2018 میں اداکارہ نے امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ایک مرتبہ پھر ڈونلڈ ٹرمپ سے جنسی روابط پر بات کی تھی۔
اسٹارمے ڈینیئلز کا کہنا تھا کہ ان کے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ابتدائی طور پر 2006 میں تعلقات استوار ہوئے جو بتدریج بڑھ کر گہرے روابط میں بدل گئے اور پھر ان دونوں کے درمیان جنسی تعلق بھی قائم ہوئے۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کے ساتھ ایسے وقت میں جنسی تعلقات استوار کیے جب انہوں نے حالیہ بیوی میلانیا ٹرمپ سے شادی کر رکھی تھی۔
اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے امریکی انتخابات سے قبل انہیں ایک لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر کی خطیر رقم دے کر خاموش رہنے کا کہا تھا۔
اداکارہ کے الزامات کے بعد گزشتہ برس ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکی و برطانوی میڈیا میں متعدد رپورٹس سامنے آئیں اور ان کے خلاف تفتیش کا آغاز بھی کیا گیا اور ابتدائی طور پر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا۔
تاہم بعد ازاں مئی 2018 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اداکارہ کو خاموش رہنے کے لیے رقم دینے کا اعتراف کیا، جس کے بعد اس کیس کو میڈیا میں کم پذیرائی ملی۔
لیکن اداکارہ کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف الزامات لگائے جانے کے چند ماہ بعد جولائی 2018 میں انہیں ریاست اوہائیو کے شہر کولمبس کے ایک ڈانس کلب سے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا مگر بعد ازاں انہیں رہائی دی گئی تھی۔
بعد ازاں پولیس نے سابق پورن اسٹار کے خلاف الزامات کو مسترد کردیا تھا، تاہم اداکارہ نے اپنی گرفتاری کے خلاف کولمبس کی شہری حکومت کے خلاف قانونی جنگ کا آغاز کرتے ہوئے کولمبس کی مقامی حکومت کے خلاف عدالتے سے رجوع کیا تھا مگر شہری حکومت نے بدنامی کے ڈر سے ان کے ساتھ معاہدہ کرکے کیس ختم کروالیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سیکس تعلقات کے دعووں کے بعد شہرت حاصل کرنے والی اسٹارمے ڈینیئلز کو گزشتہ کچھ عرصے میں امریکی میڈیا پوڈ کاسٹ شوز سمیت ریئلٹی شوز میں بھی دیکھا جا رہا ہے اور خبریں ہیں کہ انہوں نے کچھ ہارر فلموں میں کام کرنے کے معاہدے بھی کر رکھے ہیں۔
تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ اسٹارمے ڈینیئلز فلموں سے قبل کامک بک میں ہیرو کے کردار میں سامنے آئیں گی اور ان کی صلاحیتوں پر ایک فکشن کتاب لکھی جائے گی جو کہ ایک طرح سے ان کی سوانح عمری ہوگی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسٹارمے ڈینیئلز معروف کامک پروڈکشن ٹائڈل ویو کے اشتراک سے اپنی کامک سوانح عمری شائع کریں گی، جس میں انہیں کسی سپر ہیرو خاتون کی طرح پیش کیا جا ئے گا۔
اسٹارمے ڈینیئل کی زندگی پر لکھی جانے والی فکشن سوانح عمری کو (اسٹارمے ڈینیئلز: اسپیس فورس) کا نام دیا گیا ہے اور اس میں انہیں خصوصی صلاحیتوں کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
اپنی زندگی پر کامک کتاب لکھے جانے پر اسٹارمے ڈینیئلز نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے پروڈکشن ہاؤص کو صرف ایک ہی التجا کی ہے کہ وہ انہیں کتاب میں کسی بے وقوف خاتون کے طور پر پیش نہ کریں۔
اداکارہ کی زندگی پر کامک کتاب شائع کرنے والی کمپنی نے اسٹارمے ڈینیئلز کی زندگی پر لکھی گئی کتاب کو ایڈونچر، فنٹیسی اور بہادری کی داستانوں سے بھری کتاب قرار دیا ہے۔
اداکارہ کی زندگی پر پہلے ہی 2018 میں (ڈینیئل نے کہا) نامی کتاب شائع ہوچکی ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ اسٹارمے ڈینیئلز کی زندگی پر فکشن کامک کتاب لکھے جانے کے بعد ان کی زندگی پر ممکنہ طور پر فلم بھی بنائی جائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔