پاکستانی معروف ٹی وی و فلم اداکار، پروڈیوسر ہمایوں سعید نے اعتراف کیا ہے کہ اُن کا ڈرامہ اسکرین پر دیکھے جانے والا نیا کردار بلاک بسٹر بھارتی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے مرکزی کردار سے متاثر ہے۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نئی جوڑی یمنیٰ زیدی اور ہمایوں سعید نے حال ہی میں ایک ساتھ انٹرویو دیا ہے۔
اس دوران انہوں نے اپنے نئے ڈرامے ’جینٹل مین‘ پر کھل کر بات کی۔
اداکار ہمایوں سعید کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم، یوٹیوب پر ایک پوڈ کاسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ جب انہوں نے پروجیکٹ ’جینٹل مین‘ میں اپنا کردار پڑھا تھا، اُنہیں بھی یہی محسوس ہوا تھا کہ یہ کردار ’منا بھائی‘ سے متاثر ہے۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ مگر پھر اُنہوں نے سوچا کہ اگر اُن کا کردار ’اقبال منا‘ بھارتی فلمی کردار ’منا بھائی‘ کی نقل ہے بھی تو کیا فرق پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ کردار اس طرح سے نہ لکھا جاتا تو پھر اس سے بڑھ کیا ہوتا ؟
ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ڈرامہ شائقین کے ذہن میں ابھی بہت سارے سوال جنم لے رہے ہیں، جیسے جیسے ڈرامہ آگے بڑھے گا سب سوالوں کے جواب مل جائیں گے۔
یاد رہے کہ ہمایوں سعید اور یمنیٰ زیدی کا ڈرامہ سیریل آج کل ایک نجی چینل پر نشر کیا جا رہا ہے۔
اس ڈرامے میں ہمایوں نے ایک غنڈے جبکہ یمنیٰ نے ایک نیوز شو اینکر کا کردار ادا کیا ہے، آن اسکرین اس جوڑی کو خوب پسند کیا جا رہا ہے۔