ڈالر اسمگلنگ کیس کی مرکزی کردار ایان علی کی شوبز میں واپسی


اپنی پرفارمنس اور آواز سے زیادہ ‘ڈالر اسمگلنگ’ کیس سے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل، پروڈیوسر و گلوکارہ ایان علی نے شوبز میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے بیک وقت 7 نئے گانے ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

ایان علی ماضی میں مختلف گانوں اور فیشن شوز میں ماڈلنگ کرتی دکھائی دیتی تھیں، تاہم انہیں 5 سال قبل 2015 میں اس وقت سب سے زیادہ شہرت ملی جب انہیں کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد کے بینظر انٹنرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے وقت گرفتار کرکے ان سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد کیے گئے تھے۔

مذکورہ واقعے کے بعد ہی ان پر ‘ڈالر اسمگلنگ گرل’ کا نام پڑا اور وہ کم از کم 4 ماہ تک جیل میں رہیں اور ان کا کیس ملک کا اہم ترین کیس بھی رہا۔

ان پر فرد جرم عائد کرنے سمیت ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی شامل کیا گیا تھا اور وہ فروری 2017 تک مذکورہ کیس کا عدالتوں میں سامنا کرتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی پر فرد جرم عائد

تاہم فروری میں سپریم کورٹ نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد وہ 17 فروری 2017 کو دبئی روانہ ہوگئی تھیں۔

ان کے خلاف اسمگلنگ کیس ختم نہیں ہوا تھا اور انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا اور گزشتہ برس مارچ میں سپریم کورٹ نے ان کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ بادی النظر میں ملزمہ کرنسی اسمگلنگ میں ملوث پائی گئیں۔

کرنسی اسمگلنگ کیس میں ضمانت حاصل کرنے کے بعد بیرون ملک جانے والی ماڈل ایان علی گزشتہ 3 سال میں سوشل میڈیا پر بھی انتہائی کم متحرک دکھائی دیں۔

تاہم 11 جولائی کو انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں شوبز میں واپسی کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔

مزید پڑھیں: کرنسی اسمگلنگ کیس: ماڈل ایان علی اشتہاری قرار

ایان علی نے اپنی ٹوئٹ اور انسٹاگرام پوسٹ میں لگژری گاڑیوں کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ ایک یا دو ہفتے میں ان کے بیک وقت 7 نئے گانے ریلیز ہوں گے۔

ماڈل و گلوکارہ نے امید کا اظہار کیا کہ ان کے مداحوں کو 5 سال بعد ان کی شوبز میں واپسی اچھی لگے گی اور ان کے گانوں کو بھی بہت پسند کیا جائے گا۔

ماڈل نے گاڑیوں کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنی پسندیدہ لمبورگینی گاڑی میں مذکورہ گانوں کو سن کر یہ یقین دہانی کرنا چاہتی ہیں کہ گانوں کی میوزک اور آواز مداحوں کو محظوظ کرے گی یا نہیں۔

اگرچہ ماڈل و گلوکارہ نے بیک وقت 7 نئے گانے ریلیز کرنے کا اعلان کیا، تاہم انہوں نے گانوں کو ریلیز کرنے کی واضح تاریخ کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے گانوں کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات بتائیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

خیال کیا جا رہا ہے کہ عید قرباں کے موقع پر ایان علی اپنے گانوں کو ریلیز کریں گی اور ممکنہ طور پر وہ بیک وقت ایلبم کی صورت میں گانوں کو ریلیز کرے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ماضی میں ایان علی اپنے ہی تیار کردہ چند گانوں میں شاندار پرفارمنس کرتی دکھائی دی تھیں تاہم انہیں اپنی پرفارمنس اور آواز کے بجائے اسمگلنگ کیس سے شہرت ملی تھی۔

علاوہ ازیں وہ فیشن شوز میں ملبوسات کو متعارف کرانے سمیت کچھ اشتہاروں میں بھی دکھائی دی تھیں۔

کرنسی اسمگلنگ سے شہرت حاصل کرنے کے 5 سال بعد اب ایان علی کی شوبز واپسی کو ان کے نئے دور کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں