چین نے امریکا کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے جس میں واشنگٹن نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) میں واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
چائنا ڈیلی ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں چینی سفارتکار نے امید ظاہر کی کہ امریکا ڈبلیو ایچ او میں واپسی ’حقیقی معنوں‘ پر اپنا کردار ادا کرے گا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی حکام نے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکا ڈبلیو ایچ او کے ساتھ دوبارہ کام کرنے گا اور اعلیٰ معیار کو مد نظر رکھے گا۔
امریکا نے کہا تھا کہ وہ چاہتا ہے کہ تمام دیگر ممالک ہیلتھ ایمرجنسی پر یکساں کردار ادا کریں گے۔
علاوہ ازیں امریکا نے ڈبلیو ایچ او کے موجودہ پروگرامز پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔
امریکی حکام کے بیان پر چینی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ چین، امریکا کی جانب سے ڈبلیو ایچ او کے پروگرام میں شرکت کا خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او صحت کے شعبے میں ایک مستند کثیرالجہتی بین الاقوامی تنظیم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حالیہ برسوں میں جو کچھ امریکا نے کیا اس سے ڈبلیو ایچ او سمیت کثیرالجہتی اداروں کو سخت نقصان پہنچایا ہے اور کووڈ 19 پر بین الاقوامی تعاون کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن امریکا ایسا کام کررہا ہے جیسے اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا، وہ دوسرے ممالک کی طرف نشاندہی کررہا ہے جو خود ہی ڈبلیو ایچ او کی حمایت کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ امید کی جا رہی ہے کہ امریکا خود کو اعلی معیار پر قائم رکھے گا، سنجیدہ، شفاف اور ذمہ دارانہ رویہ اپنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اپنی ذمہ داری نبھائے گا، ڈبلیو ایچ او کے کام کو حقیقی اقدامات کے ساتھ مدد دے گا اور کوڈ 19 پر بین الاقوامی تعاون میں خاطر خواہ شراکت کرے گا۔