بیجنگ:
چین میں کورونا وبا کی صورت حال گزشتہ برس مارچ کے بعد سے سب سے زیادہ حد تک خراب ہوچکی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر نئے کیسز سامنے آنے کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔ چین وہ ملک ہے جہاں کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا اور پھر یہ مہلک وائرس دنیا کے طول و ارض میں پھیل گیا۔ دنیا بھر میں فضائی آپریشن بند، معاشی سرگرمیاں ٹھپ اور اسپتال مریضوں سے بھر گئے تھے۔
چین نے اپنے بہترین نظام صحت اور سخت احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے سب سے پہلے اس وبا پر قابو بھی پالیا تھا تاہم اب دوبارہ سے چین میں بھی یہ وبا سر اُٹھانے لگی ہے۔ مارچ 2020 کے بعد سے سب سے تشویشناک صورت حال کا سامنا ہے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق نئے کیسز میں سے 106 مقامی تھے جن میں سے 35 دارالحکومت بینجگ میں تھے جب کہ 43 آس پاس کے علاقوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ چین میں نئے سال کی تعطیلات سے قبل بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کی جارہی ہیں اور اس سے قبل سخت احتیاطی تدابیر نافذ کی گئی ہیں۔