چین میں کورونا سے مزید 150 افراد ہلاک، دیگر ملکوں میں اموات 27 ہو گئیں


چین میں کورونا وائرس سے مزید 150 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ دیگر ممالک میں پراسرار وبا کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 409 نئے مریضوں کی تصدیق ہو گئی ہے جب کہ وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 592 تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہزار 150 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین کے علاوہ دیگر ملکوں میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔

اگر کورونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی بات کی جائے تو دنیا بھر میں یہ تعداد 2 ہزار 619 تک پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز ایران اور جنوبی کوریا میں تیزی سے بڑھے ہیں۔ اس کے علاوہ اردن اور اسرائیل میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایران میں کورونا وائرس سے 8 ہلاکتوں کے بعد پاکستان، ترکی اور افغانستان سے ایران سے ملحقہ اپنی سرحدیں آمدورفت کے لیے بند کر دی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں