چینی کی قیمت کو پر لگ گئے، 100 روپے فی کلو فروخت ہو نے لگی


وزیراعظم عمران خان کے نوٹس دیگر حکام کے دعوؤں کے باوجود ملک میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور چینی 100 روپے فی کلو تک فروخت کی جانے لگی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے بھی ملک میں چینی کی فی کلو قیمت100روپے تک پہنچنے کی تصدیق کردی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد اورپشاور میں چینی 100 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے جب کہ کراچی،راول پنڈی اور کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت 95روپے ہے۔

اس کے علاوہ لاہور، فیصل آباد ، ملتان اور لاڑکانہ میں چینی کی قیمت 90روپے کلو ہے۔

مہنگائی پر ادارہ شماریات کی جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق سکھر ،حیدر آباد ،گوجرانوالہ،سیالکوٹ میں چینی 92 روپے فی کلو دستیاب ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق چار ہفتوں میں 11 روپے سے زائد اضافے کے بعد چینی کی اوسط قیمت92روپے کلو ہوگئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق آٹے سمیت 17 اشیاء خورو نوش کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے میں 20 کلو آٹا کا تھیلا 10 روپے، ٹماٹر 14 روپے فی کلو مہنگا ہوا، آلو پیاز کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چکن 15 روپے فی کلو سستا ہوا، دال مونگ 3 روپے، دال چنا، دال مسور  2 روپے سستی ہوئی جب کہ 26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مجموعی طور پر مہنگائی صفر اعشاریہ 31 فی صد بڑھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں