کراچی: بین الاقوامی مارکیٹ میں کھلونوں میں 70 فیصد اورالیکٹرانکس مصنوعات میں 50فیصد حصہ رکھنے والی چین کی کمپنیوں نے پاکستان میں اپنی صنعتیں منتقل کرنے کا پلان ترتیب دیدیاہے۔
چین سے تعلق رکھنے والی مذکورہ دونوں کمپنیاں پاکستان میں 100ملین ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کرناچاہتی ہیں تاکہ پاکستان میں سستی لاگت پر مصنوعات تیارکرکے نہ صرف مقامی ضروریات کو پورا کیاجاسکے بلکہ ان مصنوعات کو وسط ایشیاکی ریاستوں، مغربی اور جنوبی ایشیاکی ریاستوں کو بھی برآمد کیاجاسکے۔
ای کامرس گیٹ وے کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے ایکسپریس کو بتایا کہ چین کے مقابلے میں پاکستان میں ورکرز کی اجرت کئی گنا کم ہے۔ اس لیے چین کی بڑی اور چھوٹی ودرمیانے درجے کی کمپنیاں پاکستان میں نا صرف اپنی صنعتوں کو جدید ٹیکناکوجی کے ساتھ منتقل کرنا چاہتی ہیں بلکہ پاکستانی صنعتکاروں کے ساتھ اشیائے خوراک سمیت دیگر شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبے بھی قائم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ چین کی ایک کمپنی کھیوڑہ کے کانوں سے پیدا ہونے والے نمک کی تیاری اور برآمدات میں بھی خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔
ڈاکٹرخورشید نظام نے بتایاکہ دوسری انٹرنیشنل کنزیومرپروڈکٹ فئیرمیں 17ممالک کے 550اسٹالز لگائے گئے ہیں۔نمائش میں چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیرکے10شہروں کے سرفہرست مینوفیکچررز شرکت کررہے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ نمائش میں شریک غیرملکی کمپنیوں کے نمائندے پاکستان میں پروڈکٹس کی ڈیماڈ کاجائزہ لے رہے ہیں تاکہ وہ مقامی ڈیمانڈاور انکی برآمدات کے مواقع کا جائزہ لیکر مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پرکام کرسکیں۔