چیمپئینز ٹرافی سے قبل روایتی حریفوں کے دو بڑوں کی ملاقات کا امکان


آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے انعقاد سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی بھارتی بورڈ کے سیکریٹری اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ سے ملاقات متوقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں آفیشلز اکتوبر میں آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میچ کے دوران ملاقات کریں گے، جو اگلے ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے۔

دریں اثنا، رپورٹس میں انکشاف کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ لاجسٹک انتظامات کی تصدیق کیلئے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کی حتمی منظوری کا انتظار کررہا ہے۔

آئی سی سی حکام کے ساتھ حالیہ میٹنگ میں پی سی بی نے ایونٹ کی تیاریوں کو یقینی بنانے جلد از جلد شیڈول فائنل کرنے پر زور دیا تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے اکتوبر کے آخر تک شیڈول کے حوالے سے باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

واضح رہے کہ سال 2008 کے بعد سے ابتک بھارتی ٹیم نے پاکستان کا سفر نہیں کیا اور مختلف بہانے بناکر متعدد ایونٹس سے راہِ فرار اختیار کرتا رہا ہے جبکہ دونوں ٹیموں نے سال 2012-13 میں آخری بار باہمی سیریز کھیلی تھی۔

دوسری جانب ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستان نے بھارت کا رخ کیا تھا تاہم چپمپئینز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے جبکہ بھارتی بورڈ اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کررہا ہے جس کے باعث ایونٹ کا شیڈول تاحال منظر عام پر نہیں آسکا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں