چیمپئینز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کیلئے جاری تعمیراتی کام میں تیزی آگئی۔
آئی سی سی وفد کے دورے کے فوری بعد اسٹیڈیم اَپ گریڈیشن کے کاموں میں تیزی آگئی جبکہ انکلوژرز کے سامنے لگے جنگلے اتار دیے گئے ہیں اور خندق کی کھدائی مکمل کرلی گئی ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی قذافی اسٹیڈیم میں جاری اپ گریڈیشن کے تعمیراتی منصوبے کا جائزہ لینے پہنچ گئے۔
محسن نقوی نے انکلوژرز، باکسز، خندق اور بیسمنٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور ہر کام کو ٹائم لائن میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے حوالے سے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شائقینِ کرکٹ کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل اسکور بورڈ کو مناسب جگہ پر نصب کیا جائے۔
پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ لفٹ کی سہولت بیسمنٹ تک دی جائے جبکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیمز اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔