چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، محسن نقوی

چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، محسن نقوی


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، لاہور میں انگلینڈ اور آسٹریلیا نے مٹی منگواکر پچز تیار کررہے ہیں، قومی کرکٹرز کیلئے پاکستان پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں پر ہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہوگی، جس کی پوری تیاری ہے، اللّٰہ سے امید ہے یہ ایونٹ پاکستان میں ہی ہو، وہ ایسا کچھ نہیں سوچ رہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے بجائے کسی دوسرے ملک میں یا ہائیبریڈ ماڈل کے تحت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ٹیم میدان میں لڑتے ہوئے نظر آنا چاہیے، حارث روف اچھا کھلاڑی ہے مگر ٹیم کی ترجیح پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا ،جو ملک سے نہیں کھیلے گا اس کے لیے یہی پالیسی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ  اس کا کیس اپیل کمیٹی کے پاس ہے وہ جو فیصلہ کرے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کپتانی کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی، وہ سلیکشن کمیٹی کو پاور فل بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ ہی جوابدہ ہو اور ان کے کام میں مداخلت بھی نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے کوچ کا اعلان ایک ہفتے میں کردیں گے، کوچ چاہے پاکستانی ہو یا غیر ملکی جو پاکستان ٹیم کیلئے بہتر ہوگا اس کی خدمات لی جائیں گی۔

 چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ آئی سی سی میٹنگ میں ان کی بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ سے ملاقات ہوئی تھی جو باتیں ہوئیں وہ خوشگوار ماحول میں ہوئی لیکن فی الحال وہ یہ باتیں سامنے نہیں لانا چاہتے۔

انہوں نے پاکستان ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے کہا کہ یہ فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی سلیکشن کمیٹی میں کچھ تبدیلیاں لانا چاہتا ہوں اور سلیکشن کمیٹی کو با اختیار بنانا چاہتا ہوں جو بھی ہو اس کی جوابدہ سلیکشن کمیٹی ہو۔

محسن نقوی نے شین واٹس سے بات چیت کے بارے میں کہا کہ وہ ابھی کسی کا نام نہیں لینا چاہیں گے اتنی باتیں چلتی ہیں جس سے انٹرنیشنل لوگ واپس چلے جاتے ہیں۔

چیئر میں پی سی بی نے کہا پچھلے سال ہم نے 2700 ڈومیسٹک میچ کرائے، ہمارا ٹارگٹ ہے اگلے 4 ماہ میں 9 ہزار میچ کروائیں گے، اسکول کرکٹ کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں