پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ون ڈے کپ کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا۔
آئی سی سی کے سابق ایلیٹ پینلسٹ امپائر علیم ڈار اور آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل کے امپائر آصف یعقوب 12 ستمبر کو چیمپئنز ون ڈے کپ میں وولوز اور پینتھرز کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ کی امپائرنگ کریں گے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر علی نقوی پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی قیادت کریں گے، جس میں ولید یعقوب اور ذوالفقار جان بھی تھرڈ اور فورتھ امپائر کے طور پر شامل ہوں گے۔
علیم ڈار، آصف یعقوب، ولید یعقوب اور ذوالفقار جان 9 امپائرز کے پینل میں شامل ہیں جو ملک کے بہترین کھلاڑیوں کے درمیان چیمپئنز ون ڈے کپ ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ دیگر 5 امپائرز میں فیصل آفریدی، امتیاز اقبال، عمران جاوید، ناصر حسین اور راشد ریاض شامل ہیں۔
علی نقوی کے علاوہ میچ ریفریز کی ذمے داریاں بلال خلجی، افتخار احمد، اقبال شیخ، ندیم ارشد اور کامران چوہدری کے درمیان ہوں گی۔
تینوں پلے آف اور فائنل کے لیے امپائر اور میچ ریفری کی تقرری کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔