لاہور:
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ اسکواڈ کو مشوروں سے نواز دیا۔
ورلڈ کپ کا میلہ جمعرات سے انگلینڈ میں سجے گا،ٹائٹل اپنے نام کرنے کا عزم لیے انگلینڈ میں موجود تمام ٹیمیں تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ ناٹنگھم میں پاکستانی ٹیم نے بھرپور مشقوں کا آغازکردیا، ابتدا ہی میں کھلاڑیوں کو سپرفٹ بنانے کے لیے مخصوص جسمانی ورزشیں کرائی گئیں، فیلڈنگ خامیوں پر قابو پانے کے لیے خصوصی سیشن ہوا، بعد ازاں کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کی بھی مشقیں کیں۔
ہیپاٹائٹس سے صحتیاب ہونے والے اسپنرشاداب خان اوردیگر بولرزبھرپور فارم میں دکھائی دیے۔کھلاڑیوں کوکیچنگ کی خصوصی مشق کرائی گئی،فیلڈنگ کوچ نے کپتان سرفرازاحمد کے ساتھ وکٹ کیپنگ کا الگ سیشن کیا، غیرملکی کوچ نے چھوٹے بیٹ سے مخصوص انداز میں اسٹروکس کھیل کر سرفرازکوکیچزتھامنے کی پریکٹس کرائی۔
بعد ازاں گراؤنڈ میں ہی کھلاڑیوں کے ساتھ میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے خامیوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ انھیں مشوروں سے بھی نوازا۔
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے ابتدائی دونوں میچز ٹرینٹ برج میں ہی کھیلے گی، پہلا میچ جمعے کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا،دوسرا مقابلہ جون کو میزبان انگلینڈ سے شیڈول ہے