چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت نے اپنے نام واپس لے لیے ہیں اور دونوں چیف الیکشن کمشنر کے لیے نئے نام لانے پر متفق ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن دوبارہ نئے نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کریں گے اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے نئے 8 ناموں کی فہرست تیار کر لی ہے۔
حکومت نے پہلے بابر یعقوب، فضل عباس میکن اور عارف خان کے نام تجویز کیے تھے جب کہ اپوزیشن کی جانب سے ناصر کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق تارڑ کے نام تجویز کئے گئے تھے۔