اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین نے نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل بند کرنے کی رپورٹس کا نوٹس لے لیا۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے پی آئی اے کی ملکیت ہوٹل روز ویلٹ کو بند کرنے سے متعلق خبروں پر ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
نیب کے مطابق تحقیقات میں جائزہ لیاجائے گا کہ قومی اثاثہ روز ویلٹ ہوٹل بندکرنےکی ضرورت کیوں پیش آئی۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ تحقیقات میں ان وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے گا جن سے حکومت پاکستان کو مبینہ طور پر لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا اور ان ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا جنہوں نے اپنے قومی فرائض کی انجام دہی سے مبینہ طور پر کوتاہی برتی اور ہوٹل کو منافع بخش بنانےمیں کردار ادا نہیں کیا۔
واضح رہےکہ گزشتہ ہفتے قومی ائیر لائن پی آئی اے کی ملکیت نیو یارک کے معروف ہوٹل روز ویلٹ کو مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا۔
ہوٹل کی ویب سائٹ پر کہا گیا کہ 31 اکتوبر سے ہوٹل مستقل طور پر بند کیا جا رہا ہے تاہم پیغام بعد میں ہٹا دیا گیا۔