پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل ونیزہ احمد نے انکشاف کیا ہے کہ میری چھوٹی بہن کی موت نے میری زندگی بدل کر رکھ دی، بہن کی موت کے بعد میں اللّٰہ سے زیادہ قریب ہو گئی۔
اداکارہ ونیزہ احمد نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اداکارہ صاحبہ و عروسہ صدیقی کے ہمراہ شرکت کی۔
اس دوران شو کی میزبان ندا یاسر سمیت تینوں اداکاراؤں نے ’اللّٰہ کی مصلحت اور فیصلوں‘ پر مبنی موضوع پر بات کی۔
شو کے دوران میزبان کی جانب سے بہن کی موت سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں اداکارہ ونیزہ احمد کا کہنا تھا کہ میری چھوٹی بہن کی موت نے میری اور مکمل خاندان کی زندگی بدل کر رکھ دی تھی، چھوٹی بہن محض 25 سا کی عمر میں انتقال کر گئی تھی۔
ماڈل و اداکارہ ونیزہ کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹی بہن کو نہ کوئی بیماری تھی اور نہ کوئی صحت سے متعلق مسئلہ تھا، بس اچانک ایک کار حادثے میں اُس کی موت واقع ہو گئی، چھوٹی بہن کی موت سے میں نے توکل سیکھا اور اللہ کے فیصلوں میں راضی ہونا سیکھا۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ بہن ایشا کی زندگی اتنی ہی لکھی تھی، بہن قسمت میں لکھوا کر ہی چھوٹی عمر لائی تھی۔
ونیزہ احمد نے شو کے دوران کہا کہ ہر حال میں بس اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے اور اُس کے فیصلوں سے راضی رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ طالبِ علم نمبر کم آنے پر خود کشی کر لیتے ہیں، ایسا نہیں کرنا چاہیے، اللّٰہ نے آپ کے لیے کوئی نہ کوئی منصوبہ بنایا ہوا ہوتا ہے اور فیل ہونا یا نمبروں کا کم آنا بھی مصلحت ہوتی ہے۔