وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے استعفوں اور جلاؤ گھیراؤ کی باتیں خود دم توڑ گئی ہیں اور پی ڈی ایم باقاعدہ قصہ پارینہ بن گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی پیٹرولیم ندیم بابر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کا ایجنڈا چھوٹا تھا اور مختصر وقت میں ختم ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘کابینہ میں مفتی کفایت اللہ کے حوالے سے اہم بات ہوئی، پچھلے ہفتوں میں یورپی یونین نے انکشاف کیا تھا کہ بھارت کے ڈس انفارمیشن ے ایک نیٹ ورک کو سامنا لایا ہے جس کا مقصد پچھلے 15 سال سے پاکستان کے بارے میں منفی خبریں دینا تھا’۔
بھارتی نیٹ ورک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘اس کا مقصد دنیا میں ایسا تاثر دینا کہ ہماری معیشت، ہمارے اداروں، افواج پاکستان کو نشانہ بنایا جا سکے اور ہمارے ملک میں دہشت گردی اور بے چینی کا پھیلاؤ کیسے کیا جائے اور غلط خبریں دی جائیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہماری حکومت آئی تو پہلے دن سے ہی ایک پراپیگنڈا شروع ہوا تھا کہ حکومت فیل ہوگئی ہے، ہمیں آئے ہوئے ایک دن ہوا تھا اور ہم فیل ہوگئے’۔
شبلی فراز نے کہا کہ ‘بھارت نے اس طرح کی غلط خبروں کا کیمپ بھارت نے شروع کیا تھا اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے بھی اسی قسم کی باتیں ہو رہی ہیں، چاہے وہ نواز شریف، مریم نواز یا مفتی کفایت اللہ کی صورت میں ہو’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘مقصد دانستہ یا غیر دانستہ طور پر جو مہم ڈس انفو لیب کر رہی تھی وہی بیانیہ ہمارے پی ڈی ایم کے کچھ لوگ لے کر چل رہے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘یہ ایک منظم مہم ہے جس کا بنیادی مقصد ریاست پاکستان کو بدنام کرنا اور ملک میں افراتفری پھیلانا اور ملک کو کمزور کرنا تھا اور اس کا اصل ورژن پی ڈی ایم کی صورت میں دیکھ رہے ہیں’۔
شبلی فراز نھے کہا کہ ‘حکومت نے اس کا بڑی سنجیدگی سے نوٹس بھی لیا ہے اور ہم چیزوں کو مانیٹر بھی کر رہے ہیں، کئی چیزیں آئسولیشن میں ہو نہیں رہی ہیں، کون حسین حقانی سے منسلک ہے اور کون کس کو ایڈوائس کر رہا ہے اس کی رپورٹس ہمیں مل رہی ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘مفی کفایت اللہ کی طرح باتیں کرنا انتہائی شرم ناک ہیں، اس قسم کی گفتگو سے سوائے اپنے دشمن کو خوش کرنے کے سوا کچھ نہیں کر رہے ہیں کیونکہ جو چیزیں یہاں ہو رہی ہیں وہ بھارت کے میڈیا پر بریکنگ نیوز کے طور پر چلتی ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جو کام وہ کر رہا تھا آپ دانستہ یا غیر دانستہ طور پر آلہ کار بن گئے ہیں اور یہاں ایسے حالات پیدا کر رہے ہیں’۔