پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) میئر لاہور کے لیے کسی ایسی شخصیت کی تلاش میں ہے جو عوام میں معروف ہو تاکہ اسے مقامی حکومتوں کے انتخابات کے دوران متعارف کرانے کے لیے پارٹی کو محنت نہ کرنی پڑے۔
پی ٹی آئی پنجاب کے صدر شفقت محمود نے گزشتہ روز پی ٹی آئی پنجاب کے نومنتخب سیکریٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے منعقدہ اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چاہتی ہے کہ میئر کے امیدوار کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے تاکہ امیدوار میٹروپولیٹن ڈسٹرکٹ میں براہ راست انتخابات کے لیے مہم چلا سکے اور لاہور کے 70 لاکھ کے قریب ووٹرز سے ووٹ حاصل کیے جاسکیں۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال لاہور کے میئر کے لیے ممکنہ امیدوار ہو سکتے ہیں تاہم پارٹی کو امیدواروں سے بات کرنے کی ضرورت ہوگی کہ وہ لاہور کے میئر کا اہم انتخاب کیسے لڑیں گے۔
میئرشپ کی انتخابی سرگرمیوں کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز درکار ہونے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ اتنے زیادہ فنڈز درکار ہوں ، کیونکہ پارٹی بیک وقت 503 کے قریب یونین کونسلوں کے انتخابات میں حصہ لے رہی ہوگی تو اس طرح میئر کے لیے پارٹی امیدوار کا پیغام واضح اور دو ٹوک انداز میں عوام تک پہنچ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت بھی الیکشن مہم کے لیے امیدواروں کو جزوی طور پر فنڈز فراہم کرے گی اور الیکشن لڑنے کے لیے فنڈ اکٹھا کرنا دنیا میں موجود جمہوری ممالک میں انتخابات کا لازمی حصہ ہے، انہوں نے اپنی رائے دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں آگے بڑھنے اور اس مرحلے تک پہنچنے کی ضرورت ہے جہاں صرف امیر ہی الیکشن لڑنے کے قابل نہ ہوں۔
سابق سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو بھی میئر کے عہدے کے لیے زیر غور لائے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ عبدالعلیم خان نے کبھی میئر کا الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے حتمی تاریخ دیے جانے کا انتظار کر رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021 پنجاب اسمبلی میں جمع کرادیا گیا ہے اور اپوزیشن جمہوری عمل کے حصے طور پر اپنے تحفظات کا اظہار کر سکتی ہے، اپوزیشن کے حقیقی تحفظات کو قبول کیا جائے گا اور غیر ضروری اعتراضات کو نظر انداز کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی پنجاب کے صدر کا اپوزیشن کے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہ پی ٹی آئی خود بلدیاتی انتخابات نہیں کروانا چاہتی، کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے بار بار پارٹی رہنماؤں اور صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے لوکل باڈی انتخابات کا انعقاد کرانے کو کہا ہے۔
ان کا زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ای وی ایم ملک میں زمانے سے چلے آنے والے دھاندلی کے رواج کو ختم کردیں گی، حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کے لیے فنڈز فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں نالیوں سے بیلٹ ملے تھے، کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیتنا چاہتی ہیں۔