پی ٹی آئی کو سزا نہ دی گئی تو ہر دہشتگرد جماعت کو سیاسی جماعت کا سرٹیفکیٹ دینا پڑے گا، مریم اورنگزیب

پی ٹی آئی کو سزا نہ دی گئی تو ہر دہشتگرد جماعت کو سیاسی جماعت کا سرٹیفکیٹ دینا پڑے گا، مریم اورنگزیب


پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کام دہشت گرد جماعتیں نہیں کر سکیں وہ اس جماعت نے کیا ہے، سزا نہ دی گئی تو تمام دہشت گرد جماعتوں کو سیاسی جماعتوں کا سرٹیفکیٹ دینا پڑے گا۔

سینئر صوبائی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیجٹل دہشت گرد بیرونی طاقتوں سے مل کر ریاست پر حملہ آوور ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بجلی کے بلوں پر رونا روتے ہیں، یہ ان کی ہی مہنگی کی ہوئی ہے، ایک جمہوری سیاسی جماعت اور دہشت گرد جماعت میں فرق ہوتا ہے، ہم نہیں چاہتے سیاسی جماعت پر پابندی لگے لیکن دہشت گرد جماعت میں فرق ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے جب ملک میں ترقی بڑھتی ہے تو پھر یہ ایسا انتشار پھیلاتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ چوری کے پیسے سے ٹرسٹ بنایا ہے یہ بھی اعتراف کرتے ہیں، کاغذ لہراتے ہیں تو کہتے ہیں کہ سیاسی گیم کے لیے جھوٹ بولا ہے، کہا جاتا ہے کہ میری گھڑی میری مرضی۔

انہوں نے کہا کہ اس کو مرسڈیز میں سپریم کورٹ بلایا جاتا ہے، جب یہ سارے حملے اور سازش کی جاتی ہیں تو پھر کہا جاتا ہے گڈ تو سی یو۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے لبادے میں آپ سوشل میڈیا پر لشکر کشی نہیں کر سکتے، ہم نے سوشل میڈیا قانون پر تمام صحافیوں سے مشاورت کرکے ایک ایک لفظ لکھا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیا جناح ہاوس میں یاسمین راشد کا ہم شکل موجود تھا ، اس کو سزا دینے میں کیوں اتنی سستی کی جا رہی ہے، ریاست پر حملہ کرنے والے کو انقلابی کہا جا رہا ہے، جو دہشت گرد جماعتیں نہیں کر سکیں وہ اس جماعت نے کیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک فارن فنڈڈ بہروپیہ اٹھے اور ریاست پر حملہ آور ہو تو اسے آپ انقلابی کہیں گے، جرم ثابت ہوچکا ہے، اب سزا کا وقت ہے، ہمیں اپنی عدلیہ سے توقع ہے کہ آج ریاست کے مجرم کو سزا دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج اگر عدلیہ اس فرق کو نہ سمجھی تو پھر تمام دہشت گرد جماعتوں کو سیاسی جماعتوں کا سرٹیفکیٹ دینا پڑے گا، جو اس بہروپیہ کے فراڈ میں آ جاتے ہیں اس فرق کو سمجھنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیوں یہ انتشاری ٹولہ دوبارہ حملہ آور ہو رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ آئندہ دو سے تین سال میں آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے، یہ حکومت پانچ سال رہے گی اور عوام کو ریلیف دے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پولی گرافک ٹیسٹ اس لیے نہیں دے گا کیونکہ یہ خود ایک جھوٹ کی مشین ہے، ہم دوبارہ سے اس سازشی ٹولے کے باوجود ملک کو ترقی کی طرف لے کر جائیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک مجرم کو قانونی لاڈلا نہیں بنایا جا سکتا، اس کو آئین اور قانون کے مطابق سزا سنائیں، وفاقی حکومت کا پالیسی بیان عطا تارڑ نے دیا ہے، اس پر اب وفاقی حکومت اتحادیوں سے مشاورت کر رہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں