پی ٹی آئی نے اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل جمع کرا دیا


لاہور: تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے ایوان میں پرائیویٹ بل جمع کرا دیا۔ 

پرائیویٹ بل تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ کی جانب سے جمع کرایا گیا جس میں بنیادی تنخواہوں سمیت 6 مراعات میں اضافے کیلئے ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔

بل میں بلوچستان اسمبلی کے ارکان کے برابر تنخواہیں اور مراعات لانے کی ترامیم پیش کی گئی ہیں۔

غضنفر چھینہ نے اراکین کی بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے بڑھا کر 3 لاکھ روپے ماہانہ اور ڈیلی الاؤنس ایک ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی ہے۔

پرائویٹ بل میں کنوینس الاؤنس 600 روپے سے بڑھا کر 3000 روپے اور ایڈیشنل ٹریولنگ الاؤنس ایک لاکھ 20 ہزار سالانہ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے سالانہ کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔

بل میں ہاؤس رینٹ 29 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 50 ہزار روپے، یوٹیلیٹی الاؤئنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے اور تواضع الاؤنس 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا کہا گیا ہے۔

پرائیویٹ بل میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کیلئے ماہانہ پیٹرول الاؤنس 30 ہزار روپے اور گاڑی کی مرمت کا الاؤنس 12 ہزار روپے ماہانہ تجویز کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی رکن نے گاڑی کی مرمت اور پیٹرول کی ذمہ داری مکمل طور پر چیئرمین قائمہ کمیٹی کو دینے کی تجویز پیش کی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں