لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کے لیے شرکا کی گرفتاریوں سے متعلق سماعت میں پولیس کو آئینی حقوق کی خلاف ورزی سے روکتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کی جلسے کے شرکا کی گرفتاریوں سے روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی پی 149 سے امیدوار اسامہ حمزہ کے گھر ریڈ کیا گیا جب کہ اسلام آباد جانے والی شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست گزار پر کتنے مقدمات درج ہیں جس پر وکیل نے جواب دیا کہ درخواست گزار کے خلاف 22 مقدمات درج ہیں۔
کیس کی سماعت کرنے والے جج نے ریمارکس دیے کہ عدالت کیسے درخواست گزار کو تمام مقدمات میں گرفتار کرنے سے روک سکتی ہے۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فرخ خان نے کہا کہ ان الزامات کے حوالے سے رپورٹ منگوانی پڑے گئی، رپورٹ منگوانے کے لیے دو روز لگ جائیں گئے،اس وقت رپورٹ منگوانا ممکن نہیں ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدلات سے استدعا کی کہ کل جلسہ ہے ، عدالت حکم جاری کر دے کہ آئینی حقوق کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔
عدالت نے پولیس کو آئینی حقوق کی خلاف ورزی سے روکتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ حکومت پنجاب اور پولیس غیر آئینی اقدام پر قانونی اختیارات استعمال کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ یاد رہے کہ تحریک انصاف نے گزشتہ ہفتے 14 اگست کو جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔
7 اگست کو 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے 13 اگست کو جلسے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست جمع کرادی تھی۔
گزشتہ سماعت پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہم جلسہ 19 یا 20 اگست کو کرلیتے ہیں، انتظامیہ ہمیں بتا دیں یہ جگہ ہے ادھر جلسہ کرلیں، حکومت کی مرضی کے مطابق آئین تو نہیں چلے گا۔