اسلام آباد:
پی سی بی کے ٹاپ حکام نے قائمہ کمیٹی کیلیے ’’نولفٹ‘‘ کا بورڈ لگا دیا۔چیئرمین احسان مانی تو چھٹیاں گذارنے انگلینڈ گئے ہوئے ہیں گذشتہ روز اجلاس میں سی ای او وسیم خان بھی نہیں آئے، ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس چیئرمین سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔
ارکان نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سی ای او وسیم خان کی عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاً نئے ڈومیسٹک کرکٹ نظام کے معاملے کو آئندہ اجلاس تک موخر کرتے ہوئے دونوں کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔واضح رہے کہ نئے نظام نے سینکڑوں کرکٹرز کو بے روزگار کر دیا ہے،اس کی تشکیل میں وسیم خان نے اہم کردار ادا کیا تھا، وہ حال ہی میں یہ کہہ چکے کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ سے پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔
دریں اثنا قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کرکٹ، ہاکی،اسکواش، اسنوکر اور باکسنگ میں انٹرنیشنل سطح پر خراب کارکردگی کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔