کراچی:
پی سی بی کی دھمکی کا فرنچائزز پر کوئی اثر نہ ہوا،48 گھنٹوں کو گزرے16سے زائد دن ہوگئے مگرکئی نے تاحال فیس جمع نہیں کرائی،اس میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز بھی شامل ہیں۔
فرنچائزز کی مشترکہ درخواست پر کرکٹ بورڈ نے اگلے ایونٹ کیلیے بینک گارنٹی کی شرط ختم کر دی تھی، اس کے بجائے پوسٹ ڈیٹڈ چیک قبول کرنے پر اتفاق کر لیا، صرف اسلام آباد یونائٹیڈ نے بینک گارنٹی دی دیگر نے چیکس جمع کرانا مناسب سمجھا، کچھ عرصے بعد تمام ٹیموں نے بورڈ سے آمدنی میں اضافے، چوتھے ایڈیشن کے حسابات کو حتمی شکل اور شیئر دینے کا بھی مطالبہ کیا،اسی کے ساتھ فیس کیلیے جمع شدہ 20 نومبرکے چیکس کوکیش نہ کرانے کا بھی کہہ دیا، اس پر بورڈ حکام آگ بگولہ ہو گئے۔
انھوں نے19نومبر کو ای میل میں لکھاکہ ڈالر کا ریٹ 138روپے طے کرنے، بینک گارنٹی کے بجائے پوسٹ ڈیٹڈ چیکس لینے،براڈ کاسٹ ریونیو میں حصہ بڑھانے، ٹیکس میں کمی کرانے جیسے مطالبات ماننے کے باوجود یہ رویہ درست نہیں،اگر 48 گھنٹوں میں معاہدے کی شرائط پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے مالی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تویہ سب مراعات واپس لے لی جائیں گی۔