پی سی بی کاہال آف فیم متعارف،عمران خان شامل

پی سی بی کاہال آف فیم متعارف،عمران خان شامل


 کراچی: 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اپنا ہال آف فیم متعارف کرادیا، ابتدائی طور پر حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو شامل کرلیا گیا، ہر سال 3 سابق عظیم کرکٹرز کا اضافہ ہوگا، انتخاب آزاد پینل کے ذریعے کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے بورڈ آف گورنرزنے پاکستان کرکٹ کی شہرہ آفاق شخصیات کی خدمات کا اعتراف اور خراج تحسین پیش کرنے کے لیے متفقہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کے آغاز کی منظوری دے دی۔ ابتدائی طور پر آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں پاکستان کے 6 عظیم کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے، جن میں حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس موجود ہیں۔ رواں برس سمیت ہر سال3 شخصیات پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کی جائیں گی، جن کا انتخاب ایک آزاد پینل کرے گا۔

پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی نئی شخصیات کا اعلان ہر سال اکتوبر کی 16 تاریخ کو کیا جائے گا، یہ وہی دن ہے جب پاکستان نے 1952 میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ پی سی بی کے مطابق  انٹرنیشنل کرکٹ سے کم از کم 5 سال قبل ریٹائر ہونے والے کھلاڑی ہی پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت کے اہل ہوں گے۔ اس حوالے سے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا درجہ ملنے سے اب تک پاکستان نے بہت سے ایسے لیجنڈری اور نامور کرکٹرز پیدا کیے جنھوں نے نہ صرف شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ کو دنیا کے نقشے پر اجاگر کیا بلکہ اپنی بھی  پہچان بنائی۔


اپنا تبصرہ لکھیں