کراچی: قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ کی صورتحال پاکستان سے زیادہ خراب ہے۔
پی اینڈ ٹی کالونی میں اپنے نام سے منسوب پارک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میاں داد نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا مشکل میں ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کو بہت سوچ سمجھ کے دورہ انگلینڈ پر جانا ہوگا، جانوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے، انگلینڈ کے دورے کے موقع پر کھلاڑیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، دیکھا جائے کہ انگلینڈ کا دورہ پاکستان کے لیے موزوں بھی ہے یا نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے پابندیوں پر پی سی بی سوچ سمجھ کر فیصلے کرے، سوشل میڈیا آزادی اظہار کا بہترین ذریعہ ہے، شعیب اختر تنازعہ ایف آئی اے میں نہیں جانا چاہیے، پی سی بی کے بڑوں کو یہ معاملہ آپس میں سلجھا لینا چاہیے۔
پی سی بی سے چھوٹے درجہ کے ملازمین کو برخواست کرنے کے حوالے سے جاوید میاں داد نے کہا کہ بورڈ اس حوالے سے بہت دیکھ بھال کر اقدامات کرے، پی سی بی کو ہر ایک کے ساتھ درست اورشفاف طریقہ سے برتاو اپنانے کی ضرورت ہے، قبضہ کیے جانے والے میدانوں کو واگزار کرایا جائے، کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہم سب کے مفاد میں ہے، انہوں نے پارک کو اپنے نام سے منسوب کرنے پر کنٹونمنٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا، افتتاحی تقریب کے موقعہ پرکلفٹں کنٹونمنٹ بورڈ کے صدر بریگیڈیئر عابد علی عسکری اورسی ای او رانا کاشف شہزاد نے بھی اظہار خیال کیا۔