پی سی بی نے انگلش ٹیم کے دورے کی آس لگالی


لاہور: 

پی سی بی نے 2022 میں انگلش ٹیم کے جوابی دورے کی آس لگالی۔انگلینڈ میں چھٹیاں گذارنے والے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے  پی سی بی پوڈ  کاسٹ میں کہا کہ قومی ٹیم کے حالیہ دورئہ انگلینڈ کا فیصلہ صرف پاکستان ہی نہیں عالمی کرکٹ کے مفاد میں کیا گیا،انٹرنیشنل میچز کی بحالی تمام ملکوں کے لیے اہمیت کی حامل ہے، سب جانتے تھے کہ اگر مزید6ماہ  کرکٹ نہ ہوئی تو بے پناہ مسائل ہوں گے، تمام تر حفاظتی تدابیر کا خیال رکھتے ہوئے مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ویسٹ انڈیز نے سیریز کھیلی،اب پاکستان ٹیم بھی ایکشن میں نظر آنے والی ہے،اس سیریز سے یقینی طور پر مستقبل میں ملکی کرکٹ کا فائدہ ہوگا، اگر پوچھا جائے کہ کوئی ڈیل ہوئی تو بالکل نہیں، ابھی ان باتوں کا وقت نہیں تھا کہ مطالبات کیے جاتے، ای سی بی سے 2022 میں دورے کے حوالے سے بات چیت جاری رہے گی، امید ہے کہ وہ مناسب وقت پر درست فیصلہ کریں گے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے آخری بار 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا،پی سی بی کی خواہش ہوگی کہ17 سال ایک بار پھر انگلش کرکٹرز ملکی میدانوں کی رونقیں بحال کریں۔

وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز کی تیاریاں بڑے اچھے انداز میں ہوئی ہیں، طویل وقفے کے بعد میدان میں اترنے والے کرکٹرز کے ساتھ مینجمنٹ نے بڑی جانفشانی سے کام کیا، یونس خان اور مشتاق احمد سمیت کوچنگ اسٹاف سے فون پر بات ہوتی ہے،میں ان سے تیاریوں کے بارے میں معلومات حاصل کرتا رہتا ہوں، سب نے اطمینان کا اظہار کیا اور اچھی کارکردگی کیلیے پْرعزم ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں