پی ایس ایل 5 کا شیڈول جاری، افتتاحی میلہ کراچی میں سجے گا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا افتتاحی میلہ روشنیوں کے شہر کراچی میں سجے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ایس ایل فائیو کا باقاعدہ آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہو گا اور ٹورنامنٹ 22 مارچ تک جاری رہے گا اور ٹکٹوں کی فروخت کا عمل 20 جنوری سے شروع ہو گا۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔

ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کے آغاز میں صرف 50 روز باقی رہ گئے ہیں اور اسی مناسبت سے پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کے داخلی دروازے کے باہر ایک کاؤنٹ ڈاؤن کلاک بھی نصب کیا ہے۔

ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔

چونتیس میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

 ایونٹ کے انعقاد سے معیشت اور سیاحت کو فروغ ملے گا

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہے۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد سے معیشت اور سیاحت کو فروغ ملے گا جو ملک کی مجموعی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لیگ پاکستان کی ہے اور اس کے تمام میچز ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلے جانے چاہیے، گذشتہ ایڈیشن کے اختتام پر پاکستانی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل 2020 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور آج وہ وعدہ وفا ہو رہا ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بتایا کہ پی ایس ایل 2020 کے لیے آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ سمیت 425 غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی جس میں سے 36 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی اس تعداد میں رجسٹریشن کروانے سے دنیا بھر میں یہ مثبت پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا انعقاد ملک میں موجود کرکٹ کے مداحوں کو ایک طویل انتظار کے بعد اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پر امید ہوں کہ گذشتہ سال کی طرح رواں سال بھی ہر پاکستانی اس ایونٹ کے انعقاد کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا اور اس دوران شائقینِ کرکٹ کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیمز کا رخ کرے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں