پی ایس ایل 5، ستاروں کی کہکشاں آج سجائی جائے گی


لاہور:  پی ایس ایل5 کیلیے ستاروں کی کہکشاں جمعے کو سجائی جائے گی اور ڈرافٹ کا عمل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں مکمل ہوگا۔

پی ایس ایل 5کیلیے ڈرافٹ کی تقریب جمعے کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سجے گی،تمام 6 فرنچائززکھلاڑیوںکا انتخاب کریں گی،گذشتہ ڈارفٹ کیلیے دستیاب کرکٹرز میں اس بار نئے چہروں کی بھی انٹری ہوئی ہے، ڈیل اسٹین،معین علی، عادل راشد، ہاشم آملا، جیسن روئے، راشد خان، محمد نبی، کولن منرو اور انجیلو میتھیوز سمیت کئی نامور کرکٹرز اپنی دستیابی ظاہر کرچکے ہیں۔

قبل ازیں یکم دسمبر کو ریٹینشن اور ٹرانسفر ونڈو بند ہونے تک ہر فرنچائز نے گزشتہ اسکواڈ میں شامل 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا تھا، اب ہر ٹیم کو کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دینا ہے، ان میں 3 پلاٹینم، 3 ڈائمنڈ، 3 گولڈ، 5 سلور، 2 ایمرجنگ اور 2 سپلیمنٹری (اختیاری) پلیئرز شامل ہوں گے۔

ہر فرنچائز کو پہلی 9 باریوں میں 3 غیرملکی کھلاڑیوں کو پک کرنا ہے،16 رکنی اسکواڈ میں 11 مقامی اور 5 غیرملکی پلیئرز کی شمولیت لازمی ہوگی تاہم فائنل اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی ترتیب 2 آرڈر میں کی جاسکتی ہے یا تو 12 مقامی اور 6 غیرملکی کھلاڑی یا پھر 13 مقامی اور 5 غیرملکی کھلاڑی شامل ہوں گے۔

ہر فرنچائز ایک کھلاڑی کوایمبسڈر اور ایک کو مینٹورز مقرر کرسکتی ہے، ری ٹینشن کے موقع پر ان کی کیٹیگری میں ایک درجے تنزلی ہوئی ہے۔ پہلے راؤنڈ کیلیے پک آرڈر کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی، لاہور قلندرز کی دوسری، ملتان سلطانز تیسری، 2مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھی، پشاور زلمی پانچویں اور کراچی کنگز کو چھٹی باری ملی ہے۔

یاد رہے کہ یکم دسمبر تک ملتان سلطانز نے محمد عرفان (پلاٹینم)، شاہد آفریدی (ڈائمنڈ، پلیئر مینٹور)، جیمز وینس(گولڈ، برانڈ ایمبیسڈر)، جنید خان (گولڈ)، شان مسعود(سلور)، علی شفیق(سلور) اور محمد الیاس (ایمرجنگ) کو برقرار رکھتے ہوئے شعیب ملک، نعمان علی، محمد عباس، محمد عرفان خان، عمر صدیق، محمد جنید، شکیل انصر، حماد اعظم، لوری ایوانز، ڈین کرسٹن، ٹام مورس، کرس گرین، جانسن چارلس، نکولس پوران، جوئے ڈینلے اور قیس احمد کو ریلیز کردیا تھا۔ اسٹیون اسمتھ اور آندرے رسل دستیاب نہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد(پلاٹینم) ، محمد نواز(پلاٹینم)، شین واٹسن(ڈائمنڈ، پلیئر مینٹور)، احمد شہزاد (ڈائمنڈ)، عمر اکمل (گولڈ، برانڈ ایمبیسڈر)، محمد حسنین(گولڈ)، نسیم شاہ (سلور)اور احسان علی (سلور)کو برقرار رکھا،سہیل تنویر، انور علی، سعود شکیل، محمد اصغر، دانش عزیز، غلام مدثر، محمد اعظم خان، جلات خان، محمد عرفان جونیئر، ڈیون براوو، فواد احمد، ریلے روسو، ڈیوئن اسمتھ، ہیری گرنی اور میکس ویلر کو ریلیز کردیا تھا۔

کراچی کنگز نے بابراعظم (پلاٹینم)، محمد عامر (پلاٹینم)، عماد وسیم (ڈائمنڈ، برانڈ ایمبیسڈر)، افتخار احمد (ڈائمنڈ)، عامر یامین (گولڈ)، اسامہ میر (سلور) اورعمر خان (ایمرجنگ) کو برقرار رکھتے ہوئے عثمان شنواری، محمد رضوان، اویس ضیا، سہیل خان، علی عمران، ابرار احمد، جاہد علی، کولن منرو، کولن انگرام، سکندر رضا، روی بوپارہ، ایرون سمرز، بین ڈنک اور لیام لیونگ اسٹون کو ریلیز کردیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان (پلاٹینم)، فہیم اشرف(ڈائمنڈ، برانڈ ایمبیسڈر)، آصف علی (ڈائمنڈ)، لوک رونکی(گولڈ، مینٹور)،حسین طلعت (گولڈ)، عماد بٹ(سلور)، رضوان حسین (سلور) اور موسیٰ خان(سلور) کو برقرار رکھتے ہوئے محمد سمیع، رمان رئیس، وقاص مقصود، ظفر گوہر، صاحبزادہ فرحان، ناصر نواز، ای این بیل، سمت پٹیل، فلپ سالٹ، کیمرون ڈیلپورٹ، وائن پارنیل، ایلکس ہیلز، چیڈوک والٹن اور ظاہر خان کو ریلیز کردیا تھا۔

لاہور قلندرز نے فخر زمان (پلاٹینم)، محمد حفیظ (پلاٹینم)، ڈیوڈ ویزے(ڈائمنڈ)، شاہین شاہ آفریدی (ڈائمنڈ،برانڈ ایمبیسڈر)، عثمان شنواری (ڈائمنڈ، کراچی کنگز سے ٹرانسفر)، سہیل اختر (گولڈ)،حارث رؤف (گولڈ) اور سلمان بٹ (سلور)کو برقرار رکھتے ہوئے یاسر شاہ، راحت علی، آغا سلمان، حسان خان، حارث سہیل، محمد عمران، عمیر مسعود، گوہر علی، اعزاز چیمہ، سعد علی، کارلوس بریتھ ویٹ، سندیپ لامی چینے، آنٹن ڈیووچ، برینڈن ٹیلر، ہاردس ویلجوئن، گوناوردتنے اور رکی ویسلز کو ریلیز کردیا تھا۔ اے بی ڈی ویلئیرز ،کورے اینڈرسن اور ریان ٹین دستیاب نہیں۔

پشاور زلمی نے وہاب ریاض (پلاٹینم)، حسن علی (پلاٹینم)، کیرون پولارڈ (پلاٹینم)، کامران اکمل (ڈائمنڈ، برانڈ ایمبیسڈر)، ڈیرن سیمی (گولڈ، پلیئر مینٹور)، امام الحق (گولڈ) اور عمر امین (سلور) کو برقرار رکھا، مصباح الحق دستیاب نہیں جبکہ صہیب مقصود، جمال انور، عمید آصف، خالد عثمان، ثمین گل، نبی گل، ابتسام شیخ، سمیع اللہ، کیرون پولارڈ، لیام ڈاسن، لینڈل سمنز، وائن میڈسن، ٹائمل ملز، آندرے فلیچر، ڈیوڈ ملان، کرس جارڈن اور وقار سلام خیل کو ریلیز کردیا تھا۔

اب اگلا مرحلہ اسکواڈز کو حتمی شکل دینے کا ہے جو جمعے کو مکمل کرلیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں