پی ایس ایل 4: مشکوک ادائیگیوں پر سوال اٹھ گئے


کراچی: 

پی ایس ایل 4 کی بعض مشکوک ادائیگوں پر سوال اٹھ گئے، پی سی بی نے مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کے سابق آفیشلز کیخلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں جب کہ اختتامی تقریب میں گانوں کے استعمال پر زوہیب حسن کو بورڈ کی جانب سے 30 لاکھ روپے ادائیگی پر بھی سخت اعتراض کیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 4 کی بعض مالی ادائیگیوں پر سوالات اٹھائے گئے ہیں، پی سی بی نے مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کے سابق اعلیٰ آفیشلز کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ رواں برس دبئی میں لیگ کی افتتاحی تقریب کے دوران مرحومہ گلوکارہ نازیہ حسن کا گانا ’’ ڈسکو دیوانے‘‘ آئمہ بیگ اور شجاع حیدر نے گایا، اس پر ان کے بھائی زوہیب حسن نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے بغیر اجازت گانے کا استعمال کیا اور وہ اس کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، مگر پھر یہ معاملہ عدالت سے باہر ہی طے ہوگیا۔

زوہیب حسن نے کراچی میں اختتامی تقریب میں نازیہ کے گانے ’’دوستی‘‘ اور’’ڈسکو دیوانے‘‘ استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔ اس بار بھی آئمہ اور شجاع نے ہی پرفارم کیا، یوں بظاہر یہ تنازع خوش اسلوبی سے طے ہوگیا۔ مگر اب ذرائع نے بتایا ہے کہ اس کیلیے پی سی بی نے زوہیب حسن کو30 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اختتامی تقریب کے انعقاد کا ذمہ ایک کمپنی کے سپرد کیا گیا تھا مگر اس نے یہ رقم بورڈ سے چارج کی، اب اس حوالے سے سابق سینئر جی ایم مارکیٹنگ صہیب شیخ اور ان کے بعض قریبی ساتھیوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں کہ یہ چیک بورڈ کے اکاؤنٹ سے کیوں جاری کیا گیا، پی سی بی نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ،اس معاملے کے علاوہ بعض دیگر مشکوک ادائیگیوں کی بھی انکوائری ہو رہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں