پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کے دوسرے مرحلے میں قذافی اسٹیڈیم میں افغان لیگ اسپنر راشد خان کے فیملی ممبران بھی میچ دیکھیں گے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل کی فرنچائز لاہور قلندر کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے کہا راشد خان کے بھائی اور کزنز لاہور میں میچز دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ راشد خان کی فیملی کے ارکان پہلی مرتبہ پاکستان میں نظرآئیں گے، دوسری جانب افغان کھلاڑی راشد خان کی دیرینہ خواہش تھی کہ وہ قذافی اسٹیڈیم میں میچ کھیلیں۔
ثمین رانا کے مطابق لاہور قلندر کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویسا اب بھی ماضی کی طرح لاہورکے میدان میں کرکٹ کھیلنے کے لئے پرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے میچز دو سال بعد لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ثمین رانا نے اس حوالے سے کہا کہ لاہور میں میچز کے انعقاد سے انہیں خوشی ہوئی ہے ، ہماری ٹیم کو لاہور میں سب سے زیادہ سپورٹ ملتی ہے۔
ثمین رانا نے شائقین کرکٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ کرکٹ اسٹیڈیم میں آئیں اور اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں ، لاہور قلندر اپنے شہریوں کو مایوس نہیں کرے گی۔