کراچی: پی ایس ایل ٹیموں کے امریکا میں بھی میچز کی تجویز سامنے آ گئی، فرنچائزز نے اس پر مثبت ردعمل دیا ہے،انھوں نے جونیئر لیگ کی ٹیمیں خریدنے میں بھی دلچسپی ظاہر کر دی۔
پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس گذشتہ روز کراچی میں منعقد ہوا، اس موقع پر اہم امور زیرغور آئے، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی جانب سے لیگ کو امریکا تک وسعت دینے پر بھی بات ہوئی۔
فرنچائزز نے اس تجویز پر مثبت ردعمل ظاہر کیا،مستقبل میں ٹیمیں امریکی میدانوں پر بھی ایکشن میں آ سکتی ہیں، فرنچائزز نے پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیمیں خریدنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا جس پر بورڈ نے خوشی ظاہر کی، یاد رہے کہ حال میں ہی ایک کمپنی کے ساتھ کمرشل اور پروڈکشن کے 20 سالہ معاہدے کا ایم او یو سائن ہوا ہے۔
اجلاس میں ٹی وی رائٹس کی بینک گارنٹی تنازع پر بھی بات ہوئی اور معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق ہوا، اس حوالے سے عدالت میں کیس بھی چل رہا ہے، ایک کمرشل پارٹنر سے دیرینہ مالی تنازع بھی بات چیت سے حل کرنے پر زور دیا گیا۔
حکام نے فرنچائزز کو فیس کی ادائیگی کی یاد دہانی کرا دی، سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ کے معاملے پر بات زیادہ آگے نہ بڑھ سکی، فرنچائزز نے پی ایس ایل کا الگ سیکریٹریٹ بنانے پر بھی زور دیا۔ دریں اثنا میٹنگ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
رمیز راجہ بعض بیانات کی وجہ سے کسی سے ناراض تھے تاہم معذرت پر معاملہ ختم ہو گیا، بورڈ حکام اور ٹیم مالکان نے ہلکے پھلکے انداز میں تمام امور پر بات چیت کی اور کسی موقع پر بھی کوئی تلخی نہیں دیکھی گئی۔
البتہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی میٹنگ میں شریک نہ ہوئے، وہ پشاور میں انٹرنیشنل میچز کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کے ایک متنازع بیان پر ناخوش ہیں، انھوں نے ڈرافٹ میں بھی شرکت سے گریز کیا تھا۔