کراچی: پی ایس ایل میں پلیئرز کی نیلامی پرغور ہونے لگا جب کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے مطابق لیگ کو آئی پی ایل کے برابر لایا جائے گا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ چیف نے کہا کہ پی ایس ایل 7کامیاب ایونٹ رہا اورریکارڈ مالی منافع ملا،لیگ کی تمام 6 فرنچائز کو540 کروڑ روپے منافع ہوا، مقابلوں میں ریکارڈ تماشائیوں نے شرکت کی، ہماری کوشش ہے پی ایس ایل کو آئی پی ایل کے برابر لایا جائے،ڈرافٹ کے بجائے کھلاڑیوں کی نیلامی کرانا چاہتے ہیں،نامورکرکٹرز کو لیگ کا حصہ بنانے کی خواہش ہے،کھلاڑیوں کے لیے پْرکشش معاوضے ضروری ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم آئی سی سی کے ذریعے بھارت پر دباؤ نہیں ڈال سکتے، ہمیں اپنے قدموں پر کھڑا ہونا ہے، ہماری آمدنی صرف بھارت سے کھیلنے سے مشروط نہیں،مقامی سرمایہ کاروں نے مثبت جواب دیا ہے،چارقومی کرکٹ مقابلوں پرکام ہورہا ہے،ایونٹ کے لیے پی ایس ایل کی طرح نئی انتظامیہ ہوگی،15 روزہ مقابلے کرائے جائیں گے،بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی سے جلد ملاقات میں منصوبہ سامنے رکھوں گا۔
رمیز راجہ کہ انھوں نے کہا کہ ہم کرکٹ کے بنیادی انفرااسٹرکچر پرکام کررہے ہیں، 4 ماہ میں کراچی میں جدید طرز کے ہوٹل کی تعمیر کا آغاز ہوجائے گا،ہائی پرفارمنس سینٹر پر بھی کام ہورہا ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو 2 بڑے ایونٹس کی میزبانی ملنا اعزاز ہے،چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کو شایان شان انداز میں کامیاب بنائیں گے،بھارت نے شرکت سے انکار کیا تو معاملے کو دیکھیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہم ویمن کرکٹ کو فروغ دینا چاہتے ہیں،جلدہی اس حوالے سے اچھی خبریں سامنے آئیں گی،قومی ٹیم کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کریں گے،چیئرمین نے کہا کہ ہائبرڈ پچز کی تعمیر بہت ضروری ہے،ان سے پاکستان کو نیا ٹیلنٹ ملے گا،50ہائبرڈ پچزکی تعمیر کا منصوبہ جلد شروع ہوگا۔
چیئرمین بورڈ نے کہا کہ پنڈی ٹیسٹ کی پچ اپنے فائدے کے لیے بنائی تھی مگر توقع کے مطابق نتیجہ سامنے نہیں آ سکا،ہمارے بولرز پچ سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے،دعا ہے کہ پاکستان کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست سے بچ جائے۔