پی آئی اے کو خسارہ ہی خسارہ، تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش


اسلام آباد: قومی ائیرلائن پی آئی اے کے خسارے سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔

 ایوی ایشن ڈویژن کے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق قومی ائیر لائن پی آئی اے کو 18 بین الاقوامی روٹس پر نقصان ہے۔

بین الاقوامی روٹس پر نقصان

ایوی ایشن کے مطابق پی آئی اے کو ٹورنٹو روٹ پر 55 کروڑ،اسلام آباد لندن روٹ پر 41 کروڑ، لاہور لندن روٹ پر 14 کروڑ،کوپن ہیگن روٹ پر 20 کروڑ، پیرس بارسلونا روٹ پر 93 کروڑ ، پیرس میلان روٹ پر 74 کروڑ، سیالکوٹ لندن روٹ پر 17 کروڑ ، بیجنگ ٹوکیو روٹ پر 73 کروڑ، کراچی لندن روٹ پر 55 کروڑ اور فیصل آباد جدہ روٹ پر 12 کروڑ روپے نقصان کا سامنا ہے۔

اس طرح قومی ائیرلائن کو بین الاقوامی روٹس پر 454 کروڑ روپے خسارے کا سامنا ہے۔

گزشتہ 10 سال میں پی آئی اے کو ہونے والے نقصانات اور بھرتیوں کی تفصیلات بھی ایوان میں پیش کی گئیں۔

2009 سے 2019 میں بھی کھربوں کا نقصان

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کو 2009 سے 2019 میں 3 کھرب 71 ارب 14 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، قومی ائیرلائن کا سال 2009 میں خسارہ 12 ارب تھا جب کہ سال 2013 میں پی آئی اے کو 44 ارب اور 2014 میں 29 ارب کا نقصان ہوا۔

تحریری جواب میں بتایا گیا ہےکہ سال 2017 میں پی آئی اے کو 51 ارب نقصان ہوا ، 2018 میں 67 ارب اور 2019 میں 53 ارب روپے نقصان ہوا۔

تفصیلات میں مزید بتایا گیا ہےکہ پی آئی اے میں 2010 سے اب تک 3 ہزار 492 ملازم بھرتی کیے گئے، 2010 میں 1279 اور 2014 میں 10 ملازمین بھرتی کیے گئے جب کہ پی آئی اے میں 2014 کے بعد بھرتی نہیں کی گئی۔

 تحریری جواب کے مطابق پی آئی اے میں 15 ہزار 52 ملازمین ہیں  جن میں 11 ہزار 284 ملازمین مستقل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں