پی آئی سی حملہ کیس: حسان نیازی کی تاخیر سے عدالت آنے پر ضمانت مسترد


لاہور: پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے  کے کیس میں نامزد وزیراعظم کے بھانجے بیرسٹر حسان نیازی کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی جس کے بعد انہوں نے ضمانت کے لیے دوسری درخواست بھی دائر کردی جسے سماعت کے لیے منظور کرلیا گیا۔

لاہور میں 11 دسمبر کو وکلاء نے پی آئی سی پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی تھی اور اس ہنگامہ آرائی کے دوران جہاں اسپتال کی ایمرجنسی کو شدید نقصان پہنچا تھا وہیں تین مریض بھی انتقال کر گئے تھے۔

اسپتال پر حملے کے الزام میں 250 وکلاء کو ایف آئی آر میں  نامزد کیا گیا تھا اور 57 کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

سی سی ٹی وی ویڈیوز میں نشاندہی ہوئی کہ حملے میں وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی بھی وکلاء کے ساتھ شامل تھے اور جس پولیس موبائل کو نذر آتش کیا گیا اس کا دروازہ بھی حسان نیازی نے ہی کھولا تھا۔

پی آئی سی حملہ کیس میں عبوری ضمانت حاصل کرنے والے حسان نیازی جمعرات کے روز  انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے جنہیں عبوری ضمانت حاصل تھی۔

حسان نیازی کے تاخیر سے پیش ہونے پر عدالت نے پر برہمی کا اظہار کرتے  ہوئے کہا کہ  آپ و کیل ہو کر بھی تاخیر سے آ رہے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، تاخیر سے آنے پر حسن نیازی کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کی جاتی ہے۔

بعدازاں حسان نیازی نے عدالت میں دوبارہ   درخواست ضمانت دائر کی جسے انسداد دہشت گردی عدالت نے  سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں