برسبین میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلوی کرکٹر کیمرون گرین کو کورونا کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ خوشی منانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جب آسٹریلوی فاسٹ بولر نے ویسٹ انڈیز کے بیٹر کی وکٹ حاصل کی تو تمام آسٹریلوی کھلاڑی خوشی منانے کے لیے جمع ہوئے تو اس موقع پر کیمرون گرین بھی اپنے ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاس آنے لگے۔
اس موقع پر کیمرون گرین نے اچانک کھلاڑیوں کے زیادہ نزدیک جانے سے خود کو روک لیا جس کے بعد جوش ہیزل ووڈ نے بھی مزاقاً اور دلچسپ انداز میں انہیں پیچھے رہنے کا اشارہ کیا۔
آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین نے کورونا ہونے کے باوجود برسبین ٹیسٹ میں شرکت کی ہے۔ اس دوران وہ دیگر کھلاڑیوں سے الگ رہتے ہیں اور گراؤنڈ میں کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملاتے۔
کیمرون گرین میچ سے قبل ترانے کے وقت بھی دیگر کھلاڑیوں سے دور رہے تھے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین ٹیسٹ شروع ہونے سے ایک دن قبل آل راؤنڈر کیمرون گرین اور کوچ اینڈریو مکڈونلڈ کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ کووڈ مثبت ہونے کے باوجود طے شدہ پروٹوکول کے تحت کیمرون گرین میچ کھیل سکتے ہیں، ان کی میچ میں شرکت اس بات سے مشروط ہے کہ وہ کیسا محسوس کر رہے ہیں۔