پیپلز پارٹی کا ’کاروان بھٹو‘ ٹرین مارچ لاڑکانہ پہنچ کر اختتام پذیر


لاڑکانہ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ‘کاروانِ بھٹو’ ٹرین مارچ اپنی منزل مقصود لاڑکانہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 26 مارچ کو کراچی سے روانہ ہونے والا ’کاروان بھٹو‘ ٹرین مارچ رات گئے لاڑکانہ پہنچا جہاں جیالوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

’کاروان بھٹو‘ مارچ نے دو روز میں کراچی سے لاڑکانہ تک کا فاصلہ طے کیا جس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے اپنے آبائی شہر شہید بے نظیر آباد میں ایک رات قیام بھی کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے  24 مختلف مقامات پر کارکنان سے خطاب کیا اور انہیں 4 اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش آنے کی ہدایت کی۔

گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے نواب شاہ سے سفر کا آغاز کیا جس کے بعد دوڑ، پڈعیدن، محراب پور، بھریا روڈ، رانی پور، خیر پور، روہڑی، سکھر، حبیب کوٹ، مدیجی، سر شاہنواز بھٹو نوڈیرو کے اسٹیشن پہنچ کر خطاب کیا۔

کاروانِ بھٹو’ مارچ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی اور پیپلز پارٹی کی جانب سے ٹرین کی بکنگ 10 لاکھ 51 ہزار چار سو روپے میں کرائی گئی تھی۔

کاروان بھٹو ٹرین ایک لگژری اسپیشل سیلون اور ایک اے سی سلیپر سمیت 14 ڈبوں پر مشتمل تھی، ٹرین میں 8 اکانومی کلاس بوگیاں اور دو پاور پیک انجن بھی شامل تھے جب کہ سیکیورٹی کے لیےگارڈز کی دو بوگیاں بھی کاروان ٹرین کا حصہ تھیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں