پشاور: پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) نے پشاور بی آر ٹی کی تحقیقات کے لیے ماہر فراہم کرنے سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے بی آر ٹی ٹھیکے کو رولز کے مطابق دینے کی جانچ پڑتال کے لیے پیپرا سے ماہر مانگا تھا تاہم پیپرا نے ماہر کی خدمات فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ پیپرا کے پاس اسٹرکچرل انجینئرنگ کا ایک ماہر ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہےکہ ٹھیکے کی شفافیت کی جانچ پڑتال کسی اورادارے سے کروائی جائے گی جس کے لیے وفاقی تحقیقات ادارے کو بھی ایک ادارے کی تلاش ہے۔
ڈائریکٹرجنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلویشن پیپرا انجینئیر محمد زبیر نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپرا آرڈینینس میں ترمیم اور رولز کو تبدیل کرنے میں مصروف ہیں، ایف آئی اے کا خط موصول ہوا ہے، انہیں آگاہ کردیا ہے کہ ادارے کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے۔
انجینئیر محمد زبیر نے کہا کہ بی آر ٹی انکوائری میں تعاون سے انکار نہیں کیا،ایف آئی اے کو کہا ہے کہ ریکارڈ فراہم کریں، ریگولیٹری پوزیشن 3 دن میں دے دیں گے۔
واضح رہے کہ 5 دسمبر 2019 کو پشاور ہائی کورٹ نے بی آرٹی منصوبے سے متعلق اپنے تفصیلی فیصلے میں ایف آئی اےکو 45 روز کے اندر انکوائری مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔
فیصلے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے کسی وژن اور منصوبہ بندی کے بغیر یہ منصوبہ شروع کیا۔
ایف آئی کی تحقیقاتی ٹیم نے گذشتہ دنوں سابق ڈائریکٹر پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت مختلف افسران سے پوچھ گچھ بھی کی ہے اور بی آر ٹی کا ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔