اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کی گئی ہے، پیٹرول کی نئی قیمت 323 روپے38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 318 روپے18 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث قیمتیں کم کی گئی ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق روپےکی قدر میں بہتری سے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پیٹرول پر لیوی 60 روپے اور ڈیزل پر 50 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔