پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے سے 9 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے، جس کی بنیادی وجہ درآمدی پریمیم اور عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا گرنا ہے۔
باخبر ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ 15 دنوں کے دوران عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی فی بیرل قیمتیں بالترتیب تقریباً 3 ڈالر اور 5 ڈالر کم ہوئی ہیں، اندرون ملک فریٹ ایکویلائزیشن مارجن (آئی ایف ای ایم) کے حتمی حساب کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 50 پیسے سے 5 روپے 20 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کے نرخ میں 8 روپے سے 8 روپے 50 پیسے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔
پیٹرول کا درآمدی پریمیم 10.7 ڈالر سے تقریباً 10 فیصد کم ہوکر 9.60 ڈالر فی بیرل رہ گیا ہے، مارچ میں 13.50 ڈالر فی بیرل سے یہ دوسری بار کم ہوا ہے، دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 45 پیسے کی تنزلی کے بعد 278 روپے 65 پیسے ہے، لہٰذا پیٹرول کی قیمت میں سے تقریباً 5 روپے فی لیٹر کم ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں بھی تقریباً 5 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی جبکہ اس کے 6.50 ڈالر فی بیرل درآمدی پریمیم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، لہذا ڈیزل کی قیمتوں میں 8 روپے سے 8 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت 98.5 ڈالر سے کم ہو کر 96.6 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 102.9 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 97.5 ڈالر ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ 16 اپریل کو حکومت نے ایک بار پھر شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 53پیسے کا اضافہ کردیا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی فی لیٹر 8 روپے 14 پیسے مہنگا کردیا تھا۔
حکومت کی جانب سے اضافے کے نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 293روپے 94پیسے فی لیٹر ہوگئی جب کہ ڈیزل کی نئی قیمت290روپے 38پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔