واشنگٹن:
مشہورِ زمانہ اینٹی بایوٹک دوا پینسلین کا ایک اور فائدہ افریقہ سے سامنے آیا ہے جہاں بچوں میں دل کی ایک کیفیت ریومیٹک ہارٹ ڈیزیز میں اسے بہت ہی مؤثرپایا گیا ہے۔واضح رہے کہ ریوموٹائیڈ ہارٹ ڈیزیز(آر ایچ ڈی) بالخصوص بچوں میں ایک خاص قسم کے بخار کے بعد سامنے آتی ہے جس میں ان کے دل کے والو شدید متاثر ہوتے ہیں۔ یہ بیماری اسٹریپٹوکوکل (بیکٹیریا) انفیکشن کے بعد لاحق ہوسکتی ہے اور دل متاثر ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ ذیلی صحارا افریقہ میں آر ایچ ڈی سے سالانہ 306,000 افراد ہلاک ہوتے ہیں۔ ان میں بچوں کے علاوہ 25 سال سے کم عمر کے افراد ذیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
آر ایچ ڈی غریب ممالک بالخصوص افریقی بچوں میں پائی جاتی ہے۔ اب ایک نئی تحقیق کے مطابق یوگنڈ ا کے بچوں کی بڑی تعداد پر اسے آزمایا گیا ہے جس کی تفصیلات نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہوئی ہے۔
اس تحقیق کے سربراہ کریگ سیبل ہیں جو واشنگٹن میں واقع چلڈرن نیشنل ہسپتال میں معالجِ قلب ہیں۔ انہوں نے بڑے پیمانے پر بچوں میں پینسلین کے تجربات کئے ہیں۔ نتائج کے مطابق پینسلین کا استعمال آرایچ ڈی کو نہ صرف بڑھنے سے روک سکتی ہے بلکہ بچے کے دل کا مزید نقصان تھم جاتا ہے۔
یوگنڈا کے ہسپتالوں میں بعض بچوں کو جب لایا جاتا ہے تو ان کے قلبی والو کی درستگی بہت مشکل اور ناقابلِ علاج تک ہوجاتی ہے۔ دوم پسماندہ ملک میں والو سرجری کی سہولیات نہ ہونے سے لوگوں کی بڑی تعداد موت کے منہ میں چلی جاتی ہے۔
اس منصوبے کو ’بچے کے دل کا تحفظ‘ کا نام دیا گیا جس میں 5 سے 17 برس کے 818 بچوں کا جائزہ لیا گیا۔ تمام مریض ریومیٹک ہارٹ ڈیزیز کے شکار تھے۔ ماہرین نے غور کیا کہ اگر ان بچوں کو پینسلین کے ٹیکے لگائے جائیں تو اس کے کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
کل 799 افراد ہی پورے آزمائشی عمل سے گزرے جن میں سے 399 افراد نے اپنا کورس مکمل کیا اور دو سال بعد ان میں سے صرف تین افراد کی بیماری مزید بگڑی۔ دوسری جانب 400 افراد ایسے تھے جنہیں پینسلین نہیں دی گئی تھی اور ان میں سے 33 افراد کی بیماری بہت زیادہ بگڑگئی۔
اس تحقیق سے ایک جانب تو خود پینسلین کی افادیت سامنے آئی ہے اور دوم تمام ماہرین کا اتفاق ہے کہ بروقت تشخیص سے علاج اور جان بچانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔