اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام ٹی وی چینلز کو متنازع اور غیر اخلاقی موضوعات پر مبنی ڈراموں کی نشریات کو فوری روکنے کی ہدایت کردی۔
پیمرا کی جانب سے جاری کیے گئے ہدایت نامے میں ٹی وی چینلز کی توجہ حالیہ دنوں میں پیش کیے جانے والے موضوعات اور ان کی عکس بندی کی طرف دلائی گئی ہے۔
پیمرا کے ہدایت نامے کے مطابق ٹی وی ڈرامے بتدریج اپنا معیار کھوتے جا رہے ہیں اور سماجی اور روایتی طرزِ زندگی کے برعکس مواد نشر کر رہے ہیں، جس کے تحت متنازع و غیر اخلاقی معاملات و موضوعات پر ڈراموں کی عکس بندی معمول بن گیا ہے۔
پیمرا کے مطابق نامناسب لباس اور حرکات بھی آج کل کے ڈراموں کا خاصا بن چکی ہیں، اس طرح کے ڈرامے ناظرین کے لیے ذہنی اذیت اور کوفت کا سبب بن رہے ہیں اور ناظرین کی جانب سے ڈراموں کے مواد، استعمال کی جانے والی زبان، مکالموں، جملوں اور عکس بندی سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر لاتعداد شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ ایسے موضوعات کو ڈراموں میں پیش کریں جو حقیقی پاکستانی معاشرے کی عکاسی کریں اور جو اسلامی، سماجی اور معاشرتی اُصولوں کے ہم آہنگ ہوں جبکہ بے راہ روی اور برائیوں کو بے جا طور پر اُجاگر کرنے سے گریز کیا جائے۔
مزید کہا گیا کہ حساس موضوعات جیسے کہ طلاق اور حلالہ سے متعلق مواد پیش کرنے سے اجتناب کیا جائے تاکہ مروجہ اسلامی اصولوں سے متعلق کسی بھی قسم کا ابہام پیدا نہ ہوسکے۔
پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ڈراموں کے ذریعے کردار سازی اور معاشرتی استحکام کو فروغ دیں اور موضوعات کے چناؤ اور ڈراموں کی عکس بندی میں حد درجہ احتیاط برتتے ہوئے اسلامی، سماجی، معاشرتی اور اخلاقی اقدار کو مدِنظر رکھا جائے۔