پیسرز کی فٹنس پر شکوک کے بادل چھٹ گئے


لاہور: 

سن علی اور نسیم شاہ کی فٹنس پر چھائے شکوک کے بادل چھٹ گئے، پی سی بی کے میڈیکل پینل نے دونوں بولرز کوکلیئرنس دے دی۔

حسن علی کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں بحالی فٹنس کا پروگرام مکمل کرنے کیلیے پریکٹس کے دوران پسلیوں میں فریکچر کی شکایت سامنے آئی، یوں انھیں مزید میدانوں سے دور رہنا پڑا۔

فٹنس کی بحالی کے طویل عمل سے گزرنے کے بعد حسن علی بنگلادیش سے سیریز کی تیاری کرنے والے منتخب قومی کرکٹرز کے ساتھ بولنگ پریکٹس بھی کرتے رہے، مگر مسابقتی کرکٹ سے دور رکھا گیا۔

دوسری جانب نسیم شاہ بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے میں تو کامیاب ہوئے لیکن پسلیوں میں تکلیف محسوس کرنے پر احتیاط برتتے ہوئے انھیں میدان میں اتارنے سے گریز کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اسکین میں کوئی سنگین مسئلہ سامنے نہیں آیا تاہم انھیں آرام کاکہا گیا تھا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق فٹنس کا جائزہ لیتے ہوئے میڈیکل پینل نے انھیں مکمل طور پر فٹ قرار دے دیا ہے، دونوں 20فروری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل 5کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یاد رہے کہ سینئر پیسر حسن علی پشاور زلمی جبکہ نسیم شاہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل ہیں، دونوں سے فرنچائز ٹیموں کی بلند توقعات وابستہ ہیں،عمدہ کارکردگی انھیں رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا پروانہ دلا سکتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں