اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہےکہ پہلی مرتبہ طاقتور لوگ احتساب کے شکنجے میں آئے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک حکومت کا بیانیہ ہے اور دوسرا اپوزیشن کا ہے، اپوزیشن نے ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے، احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے اور ہم اس حق کو تسلیم کرتے ہیں۔
انہوں نےکہاکہ ملک میں ادارے آزاد ہیں، عمران خان ڈی چوک پر قانون کی حکمرانی اور اداروں کی مضبوطی کے لیے نکلے تھے، چاہتے ہیں ملک میں ادارے مضبوط اور قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے، پہلی مرتبہ طاقتور لوگ احتساب کے شکنجے میں آئے ہیں۔
معاون خصوصی نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دورے سے متعلقہ لوگوں کا مختصر وفد ساتھ لے کر امریکا جارہے ہیں، کمرشل فلائٹ سے وزیراعظم کی روانگی مغلیہ طرز حکمرانی کرنے والوں کیلئے ایک مثال ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم دورے میں پاکستان اور اس کے عوام کے مفاد کی نگہبانی کا فرض ادا کرنے جارہے ہیں، عوامی وزیراعظم عوامی انداز میں اور عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے امریکا روانہ ہو رہے ہیں، ماضی کے حکمران بین الاقوامی دوروں میں اپنے ذاتی مالی مفادات کو سامنے رکھتے تھے، یہ ہوتا ہے قیادتوں اور ان کی سوچ کا فرق۔