پہلی محبت میں دھوکا ملنے پر بہت رویا تھا، ہمایوں سعید

پہلی محبت میں دھوکا ملنے پر بہت رویا تھا، ہمایوں سعید


کراچی: 

پاکستانی سپر اسٹار ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ انہیں اہلیہ ثمینہ سے شادی سے قبل بھی ایک لڑکی سے محبت ہوئی تھی لیکن اس لڑکی نے انہیں دھوکا دے دیاتھا۔

اداکار ہمایوں سعید ان دنوں ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں ایسے شوہر کا کردار نبھارہے ہیں جس کی بیوی پیسوں کی خاطر اسے دھوکا دیتی ہے اور چھوڑ کر چلی جاتی ہے۔ ڈرامے میں ہمایوں سعید نے بیوی کے ہاتھوں دھوکا کھا کر ٹوٹے ہوئے شوہر کا کردار اتنی خوبی سے اداکیا ہےکہ لوگ ان کی اداکاری کے گن گانے لگے ہیں۔

ہمایوں کی حقیقت سے قریب تر اداکاری کے پیچھے وجہ  شاید یہ ہے کہ وہ ماضی میں ایک خاتون کے ہاتھوں دھوکا کھاچکے ہیں جس سے انہیں بے حد محبت تھی۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ ثمینہ سے شادی سے قبل انہیں ایک لڑکی سے محبت تھی۔

ہمایوں سعید نے بتایا کہ اس لڑکی نے میرے ساتھ اچھا نہیں کیا تھا دھوکا دیا تھا اور دل ٹوٹنے پر میں بہت رویا تھا۔ ہمایوں سعید نے اس لڑکی کا نام تو نہیں بتایا لیکن یہ بتایا کہ وہ بہت پیاری اور زندگی سے بھرپور لڑکی تھی۔ ہم اکثر ساحل سمندر پر گھومنے جاتے تھے۔ پہلے میں بہت شرمیلا تھااور وہ لڑکی مجھے میرے خول سے باہر نکالتی تھی اور اسی لیے مجھے وہ بہت پسند تھی۔

ہمایوں نے کہا کہ میں اپنوں کو کھونے سے بہت ڈرتا ہوں اور مجھے انگریز لڑکیاں جنہیں عموماً گوریاں بھی کہا جاتا ہے بالکل نہیں پسند، مجھے پاکستانی لڑکیاں پسند ہیں۔ میری کامیابی کے پیچھے کسی ایک عورت کا نہیں بلکہ بہت ساری خواتین کا ہاتھ ہے۔ کیریئر کی ابتدا میں نادیہ جمیل اور ثانیہ سعید وغیرہ کے ساتھ کام کیا اور میری اداکاری میں جتنی بہتری ہے ان اداکاراؤں اور ڈائریکٹرز کی وجہ سے ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کمزور دل افراد ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی اگلی قسط دل تھام کر دیکھیں

ہمایوں سعید نے بتایا کہ اداکاری سے قبل میں ایک گارمنٹ فیکٹری میں کام کرتا تھا پہلا ڈراما گھر والوں سے چھپ کر کیا تھا کیونکہ میرے گھر والے نہیں چاہتے تھے کہ میں اداکاری کے شعبے میں آؤں اور اب مجھے اس انڈسٹری میں 20 سال کا عرصہ ہوگیا ہے۔

سیاسی حوالے سے بات کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو ووٹ دیا تھا اور انہیں لگتا ہے کہ عمران خان کی راہ میں مشکلات آرہی ہیں لیکن وہ اپنی پوری کوشش کررہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ہمایوں سعید کی ننھی بھانجی بھی ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی مداح

بالی ووڈ میں کام کرنے کے حوالے سے ہمایوں سعید نے کہا کہ انہیں بالی ووڈ سے کبھی بڑے کردار کی پیشکش نہیں ہوئی تاہم اداکار عامر خان نے فلم ’’گجنی‘‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن جب میں وہاں گیا تو مجھے بولا گیا کہ یہ کردار تمہارے لیے نہیں ہے اور مجھے بھی لگا کہ جس کردار کے لیے مجھے بلایا گیا ہے وہ میرا کیریکٹر نہیں ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں