لاہور:
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش کے کپتان محموداللہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے ٹیم کو 71 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، تمیم اقبال 39 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد آنے والے بلے باز لٹن داس بھی 12 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جب کہ محمد نعیم 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم میں احسان علی اور حارث رؤف ڈیبیو کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں (کپتان) بابراعظم، محمد حفیظ ، شعیب ملک، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم ، شاداب خان ، حارث رؤف ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین شامل ہیں۔