کراچی:
پاکستان ویسٹ انڈیز ویمن ون ڈے انٹرنیشنل سیریز پیر کو شروع ہورہی ہے، ابتدائی میچ نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلا جائے گا۔تین میچز پر مشتمل سیریز کے لیے پی سی بی نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی، اس موقع پر سیکیورٹی کے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں، قبل ازیں دونوں ٹیموں نے اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔۔
کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کے بعد کیچ پکڑنے کی پریکٹس پر خصوصی توجہ دی،اس موقع پرسیریز ٹرافی کی رونمائی بھی ہوئی، دونوں کپتانوں جوریہ خان اور اسٹیفنی ٹیلر کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی ہوا،قبل ازیں کورونا کا شکار تین پاکستانی کرکٹرز نے اپنی آئسولیشن مکمل کرلی،جوریہ خان،ڈائنا بیگ اور عمائمہ سہیل بھی قومی اسکواڈ کا حصہ بن گئیں، کورونا میں مبتلا ہوجانے والی پاکستان کی مزید تین کرکٹرز ہنوز آئسولیشن میں ہیں، سیریز کے تینوں میچز نیشنل اسٹیڈیم میں بالترتیب8، 11 اور 14 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔
سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں 16 نومبر کو زمبابوے روانہ ہو جائیں گی جہاں وہ16 نومبر تا 5 دسمبر ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کریں گی۔دریں اثنا پاکستان ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ بیمپ کہتے ہیں کہ ویسٹ انڈیز سے ون ڈے سیریز کیلیے ہماری تیار اچھی اور بہتر نتائج کی توقع ہے، زمبابوے میں شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائنگ کی تیاری میں مدد ملے گی، جویریہ خان اورڈائنا بیگ پہلے میچ کیلیے دستیاب نہیں ہیں، سدرہ نوازقیادت کریں گی، فاطمہ ثنا اچھی بولر، ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔