پودینے کا استعمال تو لگ بھگ ہر گھر میں ہی ہوتا ہے اور سیکڑوں سال سے ان پتوں کو ذائقے اور طبی فوائد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
درحقیقت پودینے کو موجودہ دور کی مختلف مصنوعات جیسے ٹوتھ پیسٹ اور ٹافیوں وغیرہ میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے پودینے کی چائے کے فوائد جانیں۔
سانسوں کو مہکائے
ویسے تو پودینے کے پتے کو چبانا بھی قدرتی طور پر سانس کی بو دور کرنے میں مدد دیتا ہے ، مگر اس کی چائے بناکر پینا سانس کو زیادہ دیر تک مہکانے میں مدد دیتا ہے اور سانس کی بو سے لڑنا آسان ہوجاتا ہے۔ 2015 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا کہ پودینے کے تیل میں جراثیم کش خصوصیات ہوتی ہیں جو کہ منہ میں بو اور مسوڑوں کے امراض کا باعث بننے والے بیکٹریا کی مقدار کم ہوتی ہے۔
تناﺅ سے ہونے والے سردرد سے نجات
2016 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پودینے کے تیل سے مسلز کی تکلیف دور کرنے میں مدد ملتی ہے اور انہیں سکون محسوس ہوتا ہے۔ مینتھول کے باعث ٹھنڈک کا احساس تناﺅ یا آدھے سرکے درد میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ایسا بھی ممکن ہے کہ یہ پودینے کی چائے کی مہک سے بھی یہی فائدہ حاصل ہوسکے۔
بند ناک کھولنے میں مددگار
ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پودینے کے تیل کی بھاپ جراثیم کش خصوصیات رکھتی ہے اور اس سے نظام تنفس کے انفیکشن کی کچھ اقسام سے نجات میں مدد مل سکتی ہے۔ اس بھاپ کے نتیجے میں زکام کے باعث بند ہونے والی ناک کو کھولنے میں مدد مل سکتی ہے۔ کچھ افراد نے دریافت کیا کہ پودینے کی چائے سے نکلنے والی بھاپ بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
نظام ہاضمہ بہتر کرے
لوگ طویل عرصے سے پودینے کے مختلف مسائل جیسے بدہضمی، پیٹ پھولنے اور گیس وغیرہ سے نجات کے لیے استعمال کررہے ہیں، 2017 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پودینے کے تیل کے کیپسول بچوں میں پیٹ کے درد کو کم کرسکتے ہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ پودینے کی چائے کو پینے سے بھی ایسے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
جسمانی توانائی بڑھائے
پودینے میں موجود تیل تھکاوٹ کی علامات کو کم کرکے جسمانی توانائی بڑھا سکتا ہے۔ 2018 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پودینے کے تیل کے کیپسول کا استعمال ذہنی تھکاوٹ کم کرکے ذہنی افعال کو بہتر کرتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
جراثیم کش خصوصیات
2018 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پودینے کے تیل سے سالمونیلا اور دیگر جراثیموں کی نشوونما رکنے میں مدد ملتی ہے، 2015 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کپ پودینے کا تیل منہ میں موجود مضر صحت بیکٹریا کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ مینتھول فنگل کش خصوصیات بھی رکھتا ہے۔
احتیاط
اس چائے کا استعمال دن بھر کیا جاسکتا ہے کیونکہ یہ قدرتی طور پر کیفین سے پاک ہوتی ہے یعنی نیند پر منفی انداز سے اثرات مرتب نہیں کرتی جبکہ زیرو کیلوریز کی بدولت یہ سافٹ ڈرنکس، فروٹ جوسز اور دیگر میٹھے مشروبات کا اچھا متبادل بھی ہے، مگر کچھ افراد کو اسے پینے سے سینے میں جلن کا سامنا ہوسکتا ہے یا پہلے سے سینے میں جلن کے شکار ہیں تو حالت زیادہ خراب ہوسکتی ہے۔