ایڈیلیڈ:
پنک بال ٹیسٹ میں ویرات کوہلی کا چہرہ غصے سے لال ہوگیا جب کہ اجنکیا راہنے نے غلط کال سے کپتان کی ماسٹرکلاس اننگز کا خاتمہ کردیا۔ایڈیلیڈ میں جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والے بھارت کو دوسری ہی گیند پر اوپنر پارتھیو شا کی جدائی برداشت کرنا پڑی، وہ بغیر کھاتہ کھولے اسٹارک کی گیند پربولڈ ہوگئے، میانک اگروال نے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں کافی وقت لیا مگر 17 رنز پر اننگز کا اختتام پیٹ کمنز کے ہاتھوں ہوگیا، وہ بھی وکٹیں محفوظ نہ رکھ پائے، مجموعی اسکور جب 100 ہوا تو چتیشور پجارا 43 رنز پر میدان بدر ہوگئے۔
ناتھن لیون کی گیند بیٹ کے بعد پیڈ کو لگتی ہوئی گلی میں موجود فیلڈر مارنس لبوشین کے ہاتھوں میں گئی، کیچ کی زوردار اپیل رد ہونے پر آسٹریلیا نے صرف یہ دیکھ کر ریویو لیا کہ پجارا پویلین کی جانب چند قدم اٹھانے کے بعد رک گئے تھے، فیصلہ میزبان سائیڈ کے حق میں آیا اور پجارا کو جانا پڑا۔ پہلے بچے کی پیدائش کے سلسلے میں اس ٹیسٹ کے بعد گھر واپس لوٹنے کو تیار کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز بنائے۔
سیریز کے باقی 3 ٹیسٹ میچز میں ان کی جگہ قیادت کا عہدہ پانے والے راہنے نے مڈ آن کی جانب شاٹ کھیلا، پھر رن لینے کیلیے چند قدم آگے بڑھائے مگر گیند فیلڈر کے ہاتھوں میں جاتی دیکھ کر ارادہ بدل دیا، مگر اس دوران کوہلی وکٹ کے وسط تک پہنچ چکے اور واپسی کا راستہ نہیں تھا۔
ہیزل ووڈ اور لیون کی باہمی کوشش سے وہ رن آؤٹ ہوگئے،راہنے 42 رنز بناکر اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، جب پہلے دن کھیل کا اختتام ہوا تو بھارت کا اسکور 6 وکٹ پر 233 رنز تھا، ساہا 9 اور ایشون 15پر ناٹ آؤٹ رہے،اسٹارک نے 2 وکٹیں لیں۔