پنجاب: یکم جولائی سے تعلیمی اداروں میں ایک ماہ کیلئے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان


صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے یکم جولائی سے صوبے بھر کے اسکولوں میں ایک ماہ کی گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔

مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب میں اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز یکم جولائی سے ہو گا اور یکم اگست تک اسکول بند رہیں گے۔

انہوں نے والدین اور بچوں سے درخواست کی کہ وہ ان چھٹیوں میں حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان تمام وفاقی اکائیاں اپنی صوابدید سے کر سکتی ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پورا سال تعلیمی نقصان کے پیش نظر ابھی تک صوبہ پنجاب کے علاوہ کسی اور صوبے نے گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان نہیں کیا البتہ اس سلسلے میں جلد دیگر وفاقی اکائیوں کی جانب سے بھی اعلان متوقع ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی اور ویکسی نیشن کی ملک بھر میں دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کی کم شرح والے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 7 جون سے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے صوبے میں 7 جون سے اسکول کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل 19 مئی کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 24 مئی سے ایسے اضلاع میں تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی تھی جبکہ تعلیمی اداروں میں عملے کے لیے کووڈ-19 ویکسین کو بھی لازمی قرار دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال کورونا وائرس آنے کے ساتھ ہی تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا تھا اور وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر کئی ماہ تک تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے بچوں کا بہت نقصان ہوا اور بعد میں بچوں کو امتحانات کے بغیر ہی اگلی جماعتوں میں ترقی دے دی گئی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں