پنجاب میں لاک ڈاؤن میں 31 جون تک توسیع


پنجاب کے سیکریٹری محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں 30 جون تک توسیع کردی۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق مزید ترمیم تک لاک ڈاؤن کی صورت حال گزشتہ نوٹی فکیشن والی رہے گی۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ یو ایچ ایس کو سپلیمنٹری امتحانات لینے کی اجازت دی گئی۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے کہا کہ یو ایچ ایس امتحان کے علاوہ کسی بھی انڈسٹری کو چھوٹ حاصل نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نوٹی فکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا اورتاحکم ثانی لاگو رہے گا۔

اس سے قبل محکمہ صحت پنجاب نے ایم ایم بی ایس پروفیشنل فائنل سپلمنٹری امتحان لینے کی اجازت دے دی تھی۔

سیکریٹری محکمہ صحت کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا تھا کہ یو ایچ ایس، کنگ ایڈورڈ، فاطمہ جناح، اسپیئریر اور یونیورسٹی آف لاہور کو امتحان لینے کی اجازت ہو گی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے اور آج (16 جون) کو ملک میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار 208 ہوگئی جبکہ اموات 2872 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج سہ پہر تک ملک میں کورونا کے 4345 نئے کیسز اور 89 اموات کا اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ ملک میں 2669 مزید افراد کورونا وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔

اگر بات صوبہ پنجاب کی جائے تو وہاں کورونا وائرس کے مزید 1740 نئے کیسز اور 50 اموات کا اضافہ ہوا ہے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے کے قائم کیے گئے ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 1740 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 55 ہزار 878 ہوگئی۔

اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں مزید 50 اموات بھی رپورٹ ہوئیں اور یہ تعداد ایک ہزار 31 سے بڑھ کر ایک ہزار 81 ہوگئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں